Loading
میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی خدمت اور اس کے بہتر مستقبل کیلیے اسی طرح سے کام جاری رہے گا، شہر کی 106 سڑکوں پر کام جاری ہے اور جلد عوام بہتری محسوس کریں گے۔ کراچی کے خالق دنیا حال میں معروف شاعر رئیس امروہی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ بی آر ٹی گرین لائن منصوبے اور ایم اے جناح روڈ کی بدحالی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں بی آر ٹی گرین لائن کو اجازت نامہ دیا گیا تھا اور تب سے آج تک ایم اے جناح روڈ کی حالت تباہ حال ہے، ہم نے بی آر ٹی انتظامیہ سے وقت مانگا ہے تاکہ منصوبے کی موجودہ صورت حال پر وضاحت لی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب شہر میں مسائل پیدا ہوتے ہیں تو سوال میئر سے کیا جاتا ہے لیکن اصل ذمہ دار اداروں کو بھی سامنے آنا ہوگا۔ میئر نے کہا کہ ایم کیو ایم والوں کو یہ طے کرنا ہوگا وہ کس کے ساتھ ہیں اور انہیں اپنے وژن پر نظرِ ثانی کرنے کی اشد ضرورت ہے، جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر تنقید نہیں کریں گے تو کیا چھولے بیچیں گے۔ میئر نے ایک بار پھر کہا کہ27 ارب روپے ان کے ٹاؤنز کو اب تک دیئے گئے ہیں، اگلے ہفتے ایک اور انکشاف کروں گا میری جنگ منافقت کیخلاف ہے، منعم ظفر کی بنائی ہوئی سڑک بیٹھ جاتی ہے اس کا جواب دی، انہوں نے کبھی اس پر بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ کراچی کی 106 سڑکوں پر فی الوقت کام جاری ہے اور عوام جلد بہتری محسوس کریں گے، حافظ صاحب بھی شاید اپنے نو ٹاؤنز کے چیئرمینوں سے ناراض ہیں جنہوں نے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا۔ میئر کراچی نے شہر میں چوری اور نشے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چرسی تاریں اور لائٹیں چوری کر کے لے جاتے ہیں جس کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اب سچ اور جھوٹ کے فرق کو سمجھ چکے ہیں اور کراچی کو مسائل سے نکالنے کے لیے کھری بات کرنا ہوگی۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور ان کی سیاسی، جمہوری اور قیادتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلاول نے نوجوان قیادت کی ایک مضبوط مثال قائم کی ہے، ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ، عوامی حقوق کے تحفظ اور سویلین بالادستی کے لیے ان کی جدوجہد قابلِ ستائش ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ جہاں جہاں درخت کاٹے جا رہے ہیں، وہ عمل غلط ہے،کراچی جیسے بڑے شہر میں درختوں کی کٹائی کسی صورت قابل قبول نہیں بلکہ ہمیں ماحول دوست درخت لگانے پر زور دینا چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر کی خدمت اور اس کے بہتر مستقبل کے لیے سفر جاری و ساری رہے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل