Tuesday, October 14, 2025
 

وزیر خزانہ کی ڈائریکٹر آئی ایم ایف سے ملاقات، اصلاحاتی ایجنڈے پر عزم کا اعادہ

 



وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد ازعور سے ملاقات کرکے اصلاحاتی ایجنڈے پر عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے امریکا کے سرکاری دورے کے پہلے دن واشنگٹن ڈی سی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گروپ کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیرِ خزانہ اور ان کے وفد نے آئی ایم ایف کے مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازعور اور ان کی ٹیم سے تفصیلی ملاقات کی، دونوں فریقوں نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بات چیت کی اور اس عمل کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF) کے دوسرے جائزے پر پیش رفت اور میکرو اکنامک استحکام کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ سینیٹر اورنگزیب نے دولتِ مشترکہ (کامن ویلتھ) کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے پائیدار اور مضبوط شراکت داری کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے انفرا اسٹرکچر اینڈ فنانشل ریزیلینس ہب اور ٹیکنیکل اسسٹنس فنڈ کے قیام کی حمایت کی، جو ترقی پذیر ممالک کی استعداد کار میں اضافے کے لیے قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے موسمیاتی مالی معاونت کے لیے عالمی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا اور عالمی بینک گروپ کے سینیئر منیجنگ ڈائریکٹر ایکسل وین ٹروٹسین برگ سے ملاقات میں پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو پاکستان کے لیے ’’وجودی خطرہ‘‘ قرار دیا اور حالیہ سیلابوں کو اس کی واضح مثال قرار دیا۔ یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے اراکین سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کے معاشی اشاریوں میں بہتری، نجی شعبے کے فروغ اور تجارتی و صنعتی شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مائننگ، زراعت، آئی ٹی اور فارماسیوٹیکل جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی۔ امریکی محکمہ خزانہ کے حکام رابرٹ کیپ روتھ اور جوناتھن گرینسٹائن سے ملاقات میں پاکستان کی معاشی بنیادوں اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خزانہ نے ورچوئل اثاثوں کی ریگولیشن سے متعلق حالیہ قانون سازی اور تجارتی معاہدوں کا بھی ذکر کیا۔ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کے ریجنل وائس پریذیڈنٹ ریکارڈو پولیتی سے ملاقات میں ریکوڈک منصوبے کی مالی تکمیل میں تیزی لانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں آئی ایف سی کے نئے ریجنل دفتر کے قیام کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے ملاقات میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ایم-6 موٹروے کے لیے مالی معاونت اور پولیو کے خاتمے جیسے اہم شعبوں پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ دورے کے دوران وزیر خزانہ نے سٹی بینک، بین الاقوامی میڈیا اداروں (ایسوسی ایٹڈ پریس، رائٹرز) اور پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ سٹی بینک کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے پاکستان کے ڈیجیٹل اور مالیاتی شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق واشنگٹن میں وزیر خزانہ کی مصروفیات پاکستان کے عالمی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور معیشت کو پائیدار و جامع ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کی عکاس ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل