Wednesday, October 15, 2025
 

کراچی، شیرشاہ کے گوداموں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، خواتین سمیت پانچ زخمی

 



شیر شاہ جناح روڈ پر قائم گوداموں میں بھڑکنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد فائر بریگیڈ حکام نے قابو پالیا، آتشزدگی کے باعث ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شیر شاہ جناح روڈ پر قائم گوداموں میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے خوفناک شکل اختیار کرلی تھی۔ آگ بے قابو ہونے کے بعد شعلے دور دور سے آسمان سے باتیں کرتے نظر آئے جبکہ اطلاع پر ریسکیو 1122 اور کے ایم سی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور کی شدت کو دیکھتے ہوئے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دے کر شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو طلب کیا۔  آتشزدگی کے باعث ایک ہی خاندان کے خاتون اور 2 بچوں سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ، فائر بریگیڈ کے عملے نے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔  ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق مختلف گوداموں میں موم بتی ، روئی اور کروڈ آئل موجود تھا جبکہ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیکر شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو طلب لہا گیا۔  فائر بریگیڈ کے عملے نے 10 گاڑیوں کی مدد سے سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پاتے ہوئے کولنگ کا عمل شروع کر دیا۔ کے ایم سی فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع شام 6 بجے کے قریب ملی تھی جبکہ اسنار کل کو بھی موقع پر روانہ کیا گیا تھا تاہم گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے نہ صرف عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا بلکہ اسنار کل کا بھی استعمال نہیں کیا جا سکا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی سوئی گیس لائن سے اخراج کے باعث بھی آگ کی شدت میں اضافہ ہورہا تھا تاہم فوری طور پر مذکورہ علاقے کی سوئی گیس اور بجلی کی فراہمی بند کرا دی گئی ہے جبکہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات اور نقصان کی مالیت کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا۔ گوداموں میں لگنے والی آگ نے مجموعی طور پر گلی میں موجود 5 گھروں کو بھی اپنی لپٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کی خاتون اور 2 بچوں سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی ہوئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال برنس وارڈ لیجایا گیا۔ اس حوالے سے چھیپا حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت 35 سالہ سکینہ زوجہ شیر محمد ، 40 سالہ شیر محمد ولد تاج محمد ، 35 سالہ رحمت ولد تاج محمد جبکہ دو بہن بھائی 3 سالہ ولی احمد اور 5 سالہ حبیبہ دختر صداقت کے نام سے کی گئی۔ آخری اطلاعات آنے تک فائر بریگیڈ کا عملہ آگ کو مکمل طور پر بجھانے کے لیے کولنگ کے عمل میں مصروف تھا جبکہ پولیس کی نفری بھی موقع پر موجود تھی جس نے مذکورہ علاقے کو اپنے گھیرے میں لیا ہوا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل