Loading
خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے پشاور کے نشتر ہال میں ہسپانوی ثقافتی رقص فلیمنکو کا رنگا رنگ شو منعقد کیا گیا، جس نے شہریوں کو یورپین ثقافت سے روشناس کرایا اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید مضبوط کیا۔
پشاور میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیرِ اہتمام ہسپانوی ثقافتی رقص فلیمنکو کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ خیبرپختونخوا میں فلیمنکو رقص کا باقاعدہ انعقاد کیا گیا۔
دنیا بھر میں اپنی فنی مہارت سے پہچانے جانے والے فلیمنکو آرٹسٹوں نے پشاور کے نشتر ہال میں شاندار پرفارمنس پیش کی، جس نے حاضرین کو محظوظ کر دیا۔ تقریب میں ہسپانوی فنکاروں نے مختلف ثقافتی رقص پیش کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مہمان نواز اور پُرامن ملک قرار دیا۔
سیکریٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس دونوں ممالک کی ثقافت کو سمجھنے اور پہچاننے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں سے آج پشاور میں بین الاقوامی فنکاروں کا پروگرام پرامن ماحول میں ممکن ہوا۔
ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق یورپین ثقافت کی پشاور میں آمد شہریوں کے لیے خوش آئند تجربہ ہے، خاص طور پر فلیمنکو رقص دیکھنے کے لیے نشتر ہال میں فیملیز کی بڑی تعداد کی شرکت قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت جلد ہی مشہور ’’جشنِ خیبر‘‘ میلے کا بھی انعقاد کرنے جا رہی ہے۔
تقریب میں ڈی جی ٹورازم اتھارٹی حبیب عارف، مراد وزیر (کونسلر جنرل بارسلونا) اور ڈائریکٹر کلچر اجمل خان سمیت کئی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل