Loading
شہرقائد میں مسلح ڈکیتوں نے مزاحمت پرایک اورشہری کوقتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ شرافی گوٹھ تھانے کے علاقےشاہ علی گوٹھ کے قریب محمد سٹی میں گھرمیں دوران ڈکیتی پیش آیا۔
مقتول نجی میڈیسن کمپنی میں ملازمت کرتا تھا اورتین بیٹیوں کا باپ اور گھر کا واحد کفیل تھا۔ پولیس کے مطابق 3 مسلح ڈکیت مقتول کے گھرمیں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے تومقتول نے مزاحمت کی جس پرمسلح ملزمان نے فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 50سالہ شاہد ولد عبدالکریم کے نام سے کی گئی۔ ایس ایچ اوقمرعباس نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اورواقعے کی سی سی ٹی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا جاسکے۔
جناح اسپتال میں مقتول کے رشتہ دار محمد عمیرنے بتایا کہ مقتول شاہد گھرکا واحد کفیل تھا اور جمعرات کوانھوں نے اتفاقیہ ملازمت سے چھٹی کی تھی اوربارہ ساڑھے بارہ گھرکے قریب تین مسلح ڈکیت ان کے گھرمیں داخل ہوئے توگھرمیں بچیاں موجود ہونے کی وجہ سے انھوں نے ڈکیتوں کو گھرسے باہرنکلنے کا کہا توڈکیتوں نے فائرنگ کردی اورفرارہوگئے۔
انھوں نے بتایا کہ مقتول انتہائی شریف النفس انسان تھے اوران کی کسی سے کوئی دشمنی بھی نہیں تھی، مقتول کے رشتہ داروں نے اعلیٰ پولیس حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کرانہیں کیفرکردارتک پہنچایا جائے۔
واضح رہے کہ رواں سال شہرقائد میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 79 ہوگئی ۔۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل