Thursday, December 18, 2025
 

کراچی، بفرزون میں خاتون پر تشدد کی وائرل ویڈیو پر صوبائی وزیر کا نوٹس، شفاف انکوائری کا حکم

 



صوبائی وزیر برائے ترقیِ نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے بفرزون میں خاتون پر تشدد کی وائرل ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے فوری رابطہ کیا اور واقعے کی تفصیلات طلب کر لیں۔ پولیس کے مطابق ویڈیو میں تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی شناخت مسماۃ یاسمین کے نام سے ہوئی ہے جو گھروں میں ملازمت کرتی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مسماۃ یاسمین کا ملزم نعمان کی اہلیہ سے کسی معاملے پر تکرار ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون ملازمہ جب دوسرے گھر سے کام مکمل کر کے نکلی تو سیڑھیوں پر موجود ملزم نعمان نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق خاتون کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ میڈیکل رپورٹ پیر کو موصول ہوگی۔ صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی نے واقعے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے پولیس کو فوری اور شفاف انکوائری کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وائرل ویڈیو میں ملزم واضح طور پر خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتا نظر آ رہا ہے۔ شاہینہ شیر علی نے واضح کیا کہ واقعے کے محرکات جو بھی ہوں، کسی خاتون پر جسمانی تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل