Friday, December 19, 2025
 

حکومت سندھ نے خواتین کیلئے اسکوٹی چلانے کی تربیت کا آغاز کردیا

 



حکومتِ سندھ نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک اور احسن اقدام اٹھاتے ہوئے اسکوٹی چلانے کی تربیت کا آغاز کردیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق کراچی کے علاقوں کورنگی، گلشنِ اقبال اور ملیر میں اسکوٹی چلانے کی تربیت کا آغاز ہو چکا ہے، کراچی کے تمام اضلاع میں پنک اسکوٹی اسکیم کے لیے درخواست دینے والی ورکنگ وومنز کی خصوصی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ حیدرآباد میں اسکوٹی تربیت 18 دسمبر سے شروع ہو چکی ہے جبکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی یہ تربیتی پروگرام جلد شروع کیا جائے گا۔ سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد اور میرپورخاص میں بھی اسکوٹی چلانے کی تربیت کا آغاز جلد شروع کیا جائے گا۔ سینئر وزیر کا کہنا ہے کہ اسکوٹی چلانے کی تربیت محفوظ رائیڈنگ کو یقینی بنانے کے لیے دی جا رہی ہے اور اس اسکیم کا مقصد خواتین کی محفوظ اور آسان نقل و حرکت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومتِ سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شرجیل انعام میمن کے مطابق خواتین کی خودمختاری صرف معاشی نہیں بلکہ سماجی آزادی سے بھی جڑی ہوئی ہے، محفوظ سفری سہولیات فراہم کیے بغیر خواتین کو عملی طور پر بااختیار نہیں بنایا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکوٹی تربیتی پروگرام خواتین کو خود اعتمادی، خود انحصاری اور عملی آزادی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین اس اسکیم سے مستفید ہو سکیں گی جبکہ درخواست اور مزید تفصیلات کے لیے ویب سائٹ smta.sindh.gov.pk ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل