Loading
پاکستان میں دریائے چناب میں پانی کی شدید کمی ریکارڈ ہوئی ہے جب کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی خط کا جواب بھی نہیں دیا گیا۔
انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح میں بڑے پیمانے پر کمی سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں انڈس واٹر کمشنر نے بھارتی ہم منصب کو باضابطہ خط بھی لکھا ہے۔
انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ نے بھارت کو خط ارسال کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 16 دسمبر کو دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ صرف ایک ہزار آٹھ سو کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو آنے والے دریاؤں کے پانی سے متعلق ڈیٹا بھی شیئر نہیں کیا جا رہا، جو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی واٹر کمشنر کو باضابطہ خط لکھا جا چکا ہے، تاہم ابھی تک اس خط کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
انڈس واٹر کمشنر نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ سندھ طاس معاہدے کی مکمل پاسداری کی ہے اور معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جواب نہ دینا اور پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا فراہم نہ کرنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل