Thursday, January 08, 2026
 

بنوں: دو گروپوں کے تصادم میں تین افراد جاں بحق، 6 زخمی

 



بنوں کے علاقے میتاحیل میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ منڈان کی حدود میں پیش آیا جہاں دو گروپوں کے مابین تلخ کلامی لڑائی میں تبدیل ہو گئی اور بعد ازاں دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کیا گیا، جہاں سے 3 زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پشاور یونیورسٹی کا طالب علم حسن بھی شامل ہے جو چند روز قبل چھٹیاں منانے اپنے گھر آیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت عجب خان، روشان اور حسن کے ناموں سے ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اسپتال پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ دوسری جانب بنوں کے منڈان گیٹ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیس اہلکار کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل ہاشم علی خان اپنے بچوں کے ہمراہ گاڑی میں آ رہے تھے کہ حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل ہاشم علی خان اور ان کا 3 سالہ بیٹا زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل