Loading
دورہ جنوبی افریقا کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا مختصر تربیتی کیمپ پیر سے شروع ہوگا، اتوار کی شام تک کیمپ میں ویمن کرکٹرز رپورٹ کریں گی۔
دونوں ممالک کے درمیان پانچ برس کے بعد 10فروری سے شروع ہونے والی سیریز میں فاطمہ ثنا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کی قیادت کریں گی، سیریز کامقصد آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری ہے۔
منتخب اسکواڈ کا کیمپ6 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کےحنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقد ہوگا،مینٹور اور ہیڈ کوچ وہاب ریاض کی زیر نگرانی عمران فرحت، عبد الرحمن، عبدالمجید سمیت دیگر کوچنگ اسٹاف کھلاڑیوں کو حتمی تربیت فراہم کرے گا،کیمپ کے اختتام پر پاکستان ویمن اسکواڈ اپنی منزل کی جانب روآنہ ہو جائے گا۔
جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ڈے اینڈ نائٹ میچز پوچف اسٹروم، بینونی اور کمبرلے میں کھیلے جائیں گے،ون ڈے سیریز سے قبل کمبرلے میں 50 اوورز کا وارم اپ میچ ہوگا،ون ڈے میچز بلوم فونٹین، سینچورین اور ڈربن میں کھیلے جائیں گے،دوسرا ون ڈے میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم 2021 کے بعد پہلی بار دو طرفہ سیریز کے لیے جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی،پاکستان ویمنز ٹیم نے فروری 2023 میں جنوبی افریقا میں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کی تھی،یہ دورہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کا اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان ویمنز ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض،عائشہ ظفر،ایمان فاطمہ،گل فیروزہ (وکٹ کیپر)،حمنا بلال،منیبہ علی (وکٹ کیپر)،نشرح سندھو،نتالیا پرویز،رامین شمیم،سعدیہ اقبال،سائرہ جبین،سدرہ امین،تسمیہ رباب اورطوبیٰ حسن شامل ہیں،پاکستان ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ فاطمہ ثنا (کپتان)عالیہ ریاض،عائشہ ظفر،ڈیانا بیگ،گل فیروزہ،منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی(وکٹ کیپر)،نشرا سندھو،نتالیا پرویز،رامین شمیم،صدف شمس،سعدیہ اقبال،سدرہ امین،سیدہ عروب شاہ اورتسمیہ رباب پر مشتمل ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل