Loading
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات کے لیے امریکا روانہ ہوگئے جہاں دو بڑوں کی بڑی بیٹھک ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر ہو گی۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو کل صبح 11 بجے (امریکی وقت) وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے بعد نہ کوئی مشترکہ پریس کانفرنس ہوگی اور نہ ہی علیحدہ علیحدہ میڈیا کے سامنے بیانات کا سلسلہ ہوگا۔
البتہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے واشنگٹن روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ ٹرمپ کو ایران مذاکرات پر اپنا اصولی مؤقف پیش کریں گے۔
جو ان کے بقول نہ صرف اسرائیل بلکہ پوری دنیا کے لیے امن اور سلامتی کے لیے اہم ہے اور خطے میں استحکام کا باعث ہوگا۔
اسرائیل ہمیشہ سے مطالبہ کرتا آیا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں اس کے بیلسٹک میزائل پروگرام اور خطے میں پراکسی وار کی کو بھی شامل کیا جائے۔
جس کے جواب میں ایران نے یہی موقف دہرایا ہے کہ بیلسٹک میزائل سمیت دفاعی معاملات پر کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ مذاکرات صرف جوہری پروگرام تک محدود ہوں گے۔
یاد رہے کہ یہ ملاقات ایک ایسے نازک لمحے میں ہو رہی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے ایک سال میں امریکی دوروں کی مختصر تاریخ
یہ ملاقات اس سے پہلے ٹرمپ کے 20 جنوری 2025 سے شروع ہونے والے دوسرے دورِ صدارت کے دوران ساتویں مرتبہ ہوگی۔
صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالتے ہی اسرائیلی وزیراعظم نے اگلے ماہ فروری 2025 میں نیتن یاہو نے ٹرمپ کے ساتھ غزہ جنگ اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ملاقات کی تھی۔
پھر اپریل 2025 میں بھی دونوں رہنماؤں کی واشنگٹن میں ملاقات ہوئی تھی جس میں غزہ جنگ، سلامتی اور دیگر موضوعات پر بات ہوئی تھی۔
بعد ازاں 7 جولائی 2025 میں بھی اسرائیلی وزیراعظم ایک بار پھر امریکا پہنچے تھے اور وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے غزہ جنگ بندی پر مفصل گفتگو کی۔
دو روز ہی بعد یعنی 9 جولائی کو غیر اعلانیہ اور اضافی ملاقات ہوئی تھی جس میں کچھ نئے اقدامات کی منظوری دی گئی تھی۔
اس ملاقات کے بعد ستمبر میں بھی صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کو وائٹ ہاؤس میں خوش آمدید کہا اور دونوں نے غزہ امن منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔
صرف دو ماہ بعد ہی دسمبر میں اسرائیلی وزیراعظم نے فلوریڈا میں صدر ٹرمپ سے ایک اور ملاقات کی جس میں انہوں نے غزہ جنگ کے دوسرے مرحلے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل