Tuesday, February 10, 2026
 

وزیراعلیٰ مریم نواز کا بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی معاونت کیلیے 10 ارب روپے دینے کا اعلان

 



وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں امن و امان اور سیکیورٹی فورسز کی معاونت کیلیے 10 ارب روپے کی خطیر رقم کی معاونت کا اعلان کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف صوبائی وزرا کے ہمراہ کوئٹہ پہنچی جہاں انہوں نے کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل سے ملاقات کی جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزراء بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ ملاقات میں مسلم لیگ ن کے صوبائی وزراء نے بھی شرکت کی جبکہ مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ بعد ازاں مریم نواز سی ایم سیکریٹریٹ پہنچیں جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبائی کابینہ اور اراکین اسمبلی نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان کابینہ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کی اور سیکیورٹی فورسز کیلیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ مریم نواز شریف کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے لیے دس ارب روپے کی معاونت مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے، بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح کے لیے متحد ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ میرا بلوچستان کا یہ پہلا دورہ ہے، بلوچستان کے عوام کا جذبہ اور پاکستان سے وابستگی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون کرے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ ہیں اور یہاں پر موجود دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ہی ممکن ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ بھی کہنا چاہتی ہوں کہ آپ نے درست کہا کہ آپ کے پاس فتنہ نہیں ہے، مگر بلوچستان کو فتنہ خوارج جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان حالات میں صوبہ چلانا ہمت اور استقامت مانگتا ہے، جو آپ دکھا رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ وزیر اعلی صاحب کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل