Loading
شناخت کی محفوظ تصدیق اورڈیجیٹل معیشت کومضبوط بنانے کیلیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا) کی نئی سہولت نشان پاکستان متعارف کرادی گئی
ترجمان کے مطابق نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نےنادرا آرڈیننس 2000 کی دفعہ 7 کے تحت حاصل اختیارات کی رو سے قومی ڈیٹا بیس مرتب کرنے سے متعلق سرگرمیوں کو انجام دیتا ہے اور حکومتی اداروں اور نجی شعبے کے ریگولیٹڈ اداروں کو قانونی مقاصد کے لیے شناختی تصدیق کی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔
نادرا نے اپنے اس قانونی مینڈیٹ اور متعلقہ قواعد وضوابط کے فریم ورک، بالخصوص نادرا (ڈیٹا شیئرنگ) ریگولیشنز 2025 اور نادرا (آئیڈنٹیٹی ویریفکیشن) ریگولیشنز 2026 کے تحت نشان پاکستان کے نام سے ایک نئی سہولت کا اجرا کیا ہے جس کے ذریعے ڈیجیٹل نظام کے تحت پاکستان میں شناختی تصدیق کی خدمات کو جدید اور اعلیٰ ترین معیار کے مطابق بنا دیا گیا ہے۔
ماضی میں شناختی تصدیق کی خدمات محض جزوی حد تک مختلف ڈیجیٹل طریقوں سے فراہم کی جاتی تھیں اور اس کارروائی کے دوران کئی پیچیدہ مراحل سے گزرنا پڑتا تھا۔
سرکاری محکموں اور ریگولیٹڈ نجی اداروں کی آن بورڈنگ کے سلسلے میں طویل دستاویزی کارروائی مکمل کرنا پڑتی تھی اور بار بار منظوری کی ضرورت پیش آتی تھی جس کے باعث یہ عمل نہ صرف تاخیر کا شکار ہو جاتا تھا بلکہ اس کی شفافیت مخدوش رہ جاتی تھی۔
نادرا نے ان مسائل پر قابو پانے کے لئے نشان پاکستان کے نام سے ایک ویب پورٹل کا آغاز کیا ہے جو سرکاری محکموں اور ریگولیٹڈ نجی اداروں کے لئے ایک ایسے پلیٹ فارم کا کام دے گی جہاں انہیں یہ تمام سہولیات ایک جگہ آن لائن میسر ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق شناختی تصدیق کی محفوظ، مؤثر اور قانونی تقاضوں کے مطابق خدمات کے لئے رجسٹریشن، سبسکرپشن اور رسائی سمیت تمام سہولیات اس ویب پورٹل پر دستیاب ہیں جس کی بدولت ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہے گا اور خدمات حاصل کرنے والوں کو فوری فراہمی ممکن ہوگی۔
نشان پاکستان کے ذریعے بینک، مائیکروفنانس بینک، الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز، نان بینکنگ فنانشل انسٹی ٹیوشنز، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیاں اور دیگر ریگولیٹڈ ادارے انتہائی آسانی کے ساتھ نادرا کی مختلف خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
رجسٹرڈ اداروں کو ملٹی بائیومیٹرک ویریفکیشن اے پی آئی (انگلیوں کے نشانات اور چہرے کی تصویر سے تصدیق) ، ویریسس، پروف آف لائف اے پی آئی اور سنگل سائن آن(SSO) جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس اقدام سے حکومتی اور نجی اداروں کے لیے نادرا کی شناختی تصدیق کی خدمات تک رسائی تیز، محفوظ اور مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو جائے گی۔ اس سے اداروں کو اپنی خدمات زیادہ مؤثر انداز میں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیٹا کے تحفظ اور رازداری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے کے مطابق اس سے ڈیجیٹل نظام پر شہریوں کا اعتماد بڑھے گا اور ایک محفوظ، مؤثر اور قابلِ بھروسہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ ملے گا۔
حکومتِ پاکستان کے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروجیکٹ (DEEP) کے تحت شروع کی گئی نشان پاکستان ویب پورٹل مالی شمولیت اور ای گورننس سے متعلق قومی ترجیحات سے مکمل ہم آہنگ ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ اقدام بالخصوص اُن سرکاری اداروں کے لیے نہایت اہم ہے جو سماجی بہبود اور عوامی خدمات کے پروگراموں پر کام کر رہے ہیں جن میں بروقت اور درست شناختی تصدیق ناگزیر ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نجی شعبے کے اُن اداروں کے لیے بھی معاون ہے جنہیں اپنی روزمرہ سرگرمیوں کے سلسلے میں شہریوں کی قابلِ اعتماد شناختی تصدیق کی ضرورت پڑتی ہے۔
رجسٹریشن اور سبسکرپشن سے متعلق تفصیلی معلومات نشانِ پاکستان کے ویب پورٹل سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل