Thursday, February 12, 2026
 

ادت نارائن کی پہلی بیوی عدالت پہنچ گئیں؛ سنگین الزامات عائد

 



بھارت کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار ادت نارائن ایک بار پھر قانونی تنازع کی زد میں آ گئے اور اس بار مدمقابل ان کی اہلیہ ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ادت نارائن کی پہلی اہلیہ رنجنا نے ادت نارائن کے خلاف ریاست بہار کے ضلع سپول کے خواتین پولیس اسٹیشن میں باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔ جس میں الزام عائد کیا ہے کہ میری رضامندی اور علم میں لائے بغیر ادت نارائن اور ان کی دوسری اہلیہ نے میرا رحم یعنی بچہ دانی نکلوا دی تھی۔ ادت نارائن کی پہلی اہلیہ رنجنا نے کہا کہ میرا یہ آپریشن ادت نارائن، ان کے دو بھائیوں سنجے کمار اور للت نارائن، اور دوسری بیوی دیپا نارائن نے ایک سازش کے تحت دھوکے سے کرایا۔ پولیس میں درج کرائی گئی شکایت میں رنجنا نے بتایا کہ 1996 میں انھیں علاج کے بہانے دہلی کے ایک اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی اجازت کے بغیر ان کا رحم نکال دیا گیا۔ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس سرجری کے بارے میں کئی سال بعد ایک طبی معائنے کے دوران معلوم ہوا جس پر میں شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہوئیں۔ رنجنا جھا نے اپنی درخواست میں یہ بھی بتایا کہ ان کی اور ادت نارائن کی شادی 7 دسمبر 1984 کو ہوئی تھی اور اگلے ہی برس ادت اپنے کیریئر کے لیے ممبئی منتقل ہوگئے تھے۔ ادت نارائن کی پہلی اہلیہ رنجنا نے مزید بتایا کہ بعد ازاں میڈیا رپورٹس سے معلوم ہوا کہ ادت نارائن نے دیپا نامی خاتون سے دوسری شادی کر لی ہے۔ ان کے بقول جب بھی میں نے دوسری شادی سے متعلق ادت نارائن سے سوال کیا تو انھیں گمراہ کیا جاتا رہا۔ یاد رہے کہ ادت نارائن اس سے قبل بھی رنجنا جھا کی جانب سے دائر کیے گئے نان و نفقہ کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں جو تاحال عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ تاحال ادت نارائن یا ان کی موجودہ اہلیہ دیپا نارائن کی جانب سے ان نئے الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ البتہ قانونی ماہرین کے مطابق اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو یہ معاملہ فوجداری نوعیت کا سنگین کیس بن سکتا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل