Friday, February 13, 2026
 

لکی مروت میں فتنہ الخوارج کا کواڈ کاپٹر سے حملہ، دو پولیس اہلکار زخمی

 



خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کی جانب سے کواڈ کاپٹر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے کواڈ کاپٹر حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے خلیفہ گل نواز (KGN) ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹرز نے دونوں اہلکاروں کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔ ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی ہدایات پر لکی مروت پولیس، امن کمیٹی اور بنوں پولیس کی بھاری نفری بمعہ APCs جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے دہشت گردوں کا ایک کواڈ کاپٹر (ڈرون) مار گرایا جبکہ پولیس کا جدید ڈرون فضا میں بلند ہوتے ہی دہشت گردوں کے ڈرون غائب ہو گئے۔ پولیس کو فراہم کیا گیا ڈرون اس آپریشن میں نہایت مؤثر ثابت ہوا جس کی مدد سے کی جانے والی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان خود کے جی این ہسپتال پہنچے، زخمی اہلکاروں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور متعلقہ ڈاکٹروں کو ہدایت جاری کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن بہترین علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس فورس کے حوصلے بلند ہیں اور ایسے بزدلانہ حملے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ علاقے میں امن و امان کی بحالی تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل