Saturday, February 14, 2026
 

جیل میں قید بالی ووڈ اداکار سے کیا غلطی ہوئی؟ نامور ہدایتکار نے سب بتادیا

 



بھارت کے نامور فلمساز پریادرشن نے انڈسٹری سے جیل میں قید اداکار راجپال یادو کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے وہ غلطی بھی بتادی جس کی وجہ سے وہ جیل میں قید ہیں۔  بھارت کو ’ہیرا پھیری‘، ’چھپ چھپ کے‘، ’ڈھول‘، ’ہلچل‘، ’بھول بھلیاں‘، ’دے دنا دن‘، ’کھٹا میٹھا‘ جیسی بلاک بسٹر کامیڈیفلمیں دینے والے ڈائریکٹر و پروڈیوسر پریادرشن نے جیل میں قید اداکار راجپال یادو سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔  پریادرشن نے کہا ہے کہ وہ اداکار کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بیچارہ کم تعلیم کی وجہ سے غلطی کر بیٹھا، مجھے اس کے مسئلے کا علم تھا۔ یاد رہے کہ راجپال یادو گزشتہ کئی برسوں سے اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کرتے آئے ہیں، لیکن اس وقت وہ شدید مالی بحران کا شکار ہیں اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پریادرشن نے اپنی اگلی فلم کے پروڈیوسرز سے درخواست کی ہے کہ وہ راجپال کو ان کی معمول کی فیس سے زیادہ معاوضہ دیں۔ پریادرشن اور راجپال یادو نے ماضی میں متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے، جس کے باعث دونوں کے درمیان ایک مضبوط تعلق قائم ہو چکا ہے۔. ہدایتکار نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وہ راجپال کو گزشتہ 20 برسوں سے جانتے ہیں، اسی لیے انہوں نے اپنی اگلی فلم کے پروڈیوسرز سے کہا کہ انہیں زیادہ معاوضہ دیا جائے، اور پروڈیوسرز نے ان کی درخواست قبول کر لی ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ انہیں راجپال کے مسائل کا پہلے سے علم تھا، اسی لیے وہ انہیں اپنی ہر فلم میں کاسٹ کرتے رہے اور اشتہاری فلموں میں بھی مواقع دلانے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ اس وقت پریادرشن اپنی آنے والی فلم ’بھوت بنگلا‘ کی پوسٹ پروڈکشن میں مصروف ہیں، یہ ایک کامیڈی ہارر فلم ہے جس میں اکشے کمار، راجپال یادو، تبو اور وامیکا گبی اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے، فلم 10 اپریل 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل