Sunday, February 15, 2026
 

نوجوانوں کو آئی ٹی سے جوڑ کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا، شزا فاطمہ

 



وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ نوجوان اس ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور انہیں آگے لانا حکومت کی ترجیح ہے۔ ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے آئی ٹی کورس میں داخلے کے لیے منعقدہ انٹری ٹیسٹ کے موقع پر امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج نوجوانوں کو آئی ٹی کی معیاری تربیت دی جائے تو پاکستان بہت جلد ترقی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ٹی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل شناخت بنانے پر کام جاری ہے جبکہ پاکستان کے کسی بھی شہر کے طلبہ کو یکساں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعظم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اقدامات کی ہدایت کی ہے کیونکہ اب ہر شعبے کے لیے آئی ٹی نہایت اہم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے طلبہ مختلف شعبہ جات میں کلیدی کردار ادا کریں گے اور ان کا مستقبل روشن ہے۔ شزا فاطمہ نے کہا کہ ہم سب مل کر عہد کریں گے کہ آئی ٹی انقلاب میں پاکستان دنیا کی قیادت کرے گا اور خاص طور پر خواتین کو اس شعبے میں آگے بڑھایا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی علی راشد نے کہا کہ یہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور جو خود کو اس کے مطابق تیار کرے گا وہی کامیاب ہوگا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ وفاقی حکومت آئی ٹی کے طلبہ کے مستقبل کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح دفاعی میدان میں بھارت کو شکست دی، اسی طرح آئی ٹی کے میدان میں بھی پاکستان کامیابی حاصل کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام میں بھارت سے زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ معرکۂ حق کے بعد اب معرکۂ آئی ٹی اور معرکۂ معیشت میں بھی پاکستان بھارت سے آگے نکلے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ آئی ٹی کے میدان میں کامیابی کے لیے بچوں کو سخت محنت کرنا ہوگی اور ملک بھر میں آئی ٹی کا جال بچھایا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان عالمی سطح پر اپنا نمایاں مقام بنائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل