Sunday, February 15, 2026
 

پاک کالونی میں آپریشن، لیاری گینگ سے تعلق رکھنے والا شوٹر مارا گیا

 



پاک کالونی میں پولیس اور وفاقی حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی میں لیاری گینگ سے تعلق رکھنے والا شوٹر مارا گیا۔ ترجمان ایس ایس پی ضلع کیماڑی پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کی جانب سے پولیس پر شدید فائرنگ کی گئی جس کے باعث پرانا گولیمار کے قریب پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت صالح محمد عرف صوالی کے نام سے کی گئی ہے، جو لیاری گروہ کے مبینہ شوٹر اور بھتہ خور جمیل جدگال کا اہم کارندہ تھا۔  پولیس کے مطابق ہلاک ملزم قتل، اقدام قتل اور بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم کے مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس افسر پر مسلح حملے میں بھی ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف آٹھ سے زائد سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں، ہلاک ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔ ایس ایس پی امجد احمد شیخ کا کہنا ہے کہ ملزم کا مزید مجرمانہ ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل