Monday, February 16, 2026
 

وہ سماں اب کہاں !

 



گزشتہ کالم میں راقم نے ریڈیو پاکستان کراچی کی مشہورگلوکارہ منی بیگم اور ان کی ایک غزل کا ذکرکیا تھا جس کو بہت سے قارئین نے پسندکیا اورکہا کہ ریڈیو پاکستان اور اس سے وابستہ شخصیتوں سے ان کی حسین یادیں وابستہ ہیں، ان کا اس طرح مختصر ذکر نہیں ہونا چاہیے بلکہ اچھی طرح سے ان بیتے لمحوں پر بات ہونی چاہیے۔ بات یہ ہے کہ خود راقم کی بھی ریڈیو سننے کے ضمن میں ریڈیو پاکستان سے حسین یادیں وابستہ ہیں خاص کر ایک پروگرام ’’ بچوں کی دنیا‘‘ سن کر ہم گھر ہی میں اس کی نقالی کیا کرتے تھے اور یہی سوچتے تھے کہ کاش! ہم بھی کبھی اس پروگرام کا حصہ بنیں۔ پھر ایک وقت وہ بھی آیا کہ جب ہم میڈیا کے ایک استاد کی حیثیت سے اپنے طلبہ کو ریڈیو پاکستان کے دورے پر لے کرگئے اور بچپن میں جو کانوں سے سنتے تھے، وہ سب آنکھوں سے دیکھا۔ بہرکیف ریڈیو پاکستان کراچی کے تمام پروگرام اور ان کے فنکار اپنی حسین یادیں چھوڑ گئے ہیں جن میں قاضی واجد (معروف ریڈیو اداکار اور میزبان)، عظیم سرور (ریڈیو پاکستان کراچی کے معروف اناؤنسر اور پروڈیوسر)، سبحانی با یونس، انور سولنگی، محمود علی، حسن شہید مرزا، طلعت حسین، ساجدہ سید، ابراہیم نفیس، طلعت صدیقی، آغا جہانگیر، منّی باجی، عامرخان (حامد میاں)، جمشید انصاری، اطہر شاہ خان (جیدی)، عشرت ہاشمی، سید ناصر جہاں، صدیق اسماعیل اور مظفر وارثی وغیرہ۔ ریڈیو پاکستان کا یہ دور عوام کے لیے ایک گلیمرکا دور بھی تھا جیسا کہ میرے استاد پروفیسر انعام باری (مرحوم) جو خود ریڈیو سے برسوں وابستہ رہے، نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ملک کی معروف گلوکارہ، منی بیگم اپنے کیریئر کے اوائلی دور میں صرف اپنی آواز سے پہچانی جاتی تھیں۔ اخبارات میں ان کی کوئی تصویر نہیں آیا کرتی تھی۔ جب وہ ریڈیو کے پروگرام میں آتی تھیں تو لوگ ان کو دیکھنے کے لیے کئی گھنٹوں تک ریڈیو اسٹیشن کی عمارت کے باہر بیٹھے رہتے کہ دیکھیں منی بیگم کی شخصیت کیسی ہے۔  ریڈیو پاکستان جو عوام کی تفریح کا ایک بہترین ذریعہ تھا اور جو ہر ایک کی دسترس میں تھا، چنانچہ ایک میں ہی کیا، نہ جانے کتنے لوگوں کی یادیں اس سے وابستہ ہیں۔ ریڈیو پاکستان کا ایک کردار تھا۔ ہماری صبح کا آغاز ریڈیو پاکستان کے ساتھ ہوتا تھا۔ صبح ریڈیو سے نشر ہوتی خبریں اور اسکول و دفتر کی تیاری پھر چھٹی کے دن صبح صبح ’’ حامد میاں کے ہاں‘‘ کا پروگرام سننا یا پھر اس کے بعد ’’ بچوں کی دنیا ‘‘ پروگرام سننا، ہماری بچپن کی دنیا کو اور بھی لاجواب بنا دیتا تھا۔ دوپہر میں نئی فلموں کے تعارفی پروگرام اور ’’ آئیڈیل کی تلاش‘‘ نامی گیتوں بھری کہانی کا پروگرام، شام میں ’’ مزدور بھائیوں‘‘ اور ’’فوجی بھائیوں‘‘ کے لیے ہی نہیں خواتین کے لیے بھی پروگرام تمام طبقات کو ریڈیو کے دامن میں سمیٹ لیتا۔ رات میں خبروں کے علاوہ ’’میری پسند‘‘ فلمی گانوں کے ساتھ ایک الگ ہی مزہ دیتا تھا۔ اس پروگرام میں لوگ خط لکھ کر بھیجتے اور اپنی پسند کا کوئی فلمی گیت سننے کی فرمائش کرتے اور جب یہ پروگرام نشر ہوتا تو میزبان ابتداء میں ان خطوط لکھنے والوں کے تمام نام پڑھ کر سناتا اور پھر اس کے بعد پسند کیے گئے فلمی گیت نشر کیے جاتے۔ بعض لکھنے والے اس قدر زیادہ خطوط بھیجتے تھے کہ پروگرام میں ان کے نام بار بار لیے جانے پر وہ ہمیں یاد ہوگئے، جیسے ایم آرزو، شمع آرزو وغیرہ۔  اسی طرح ’’اسٹوڈیو نمبر نو‘‘ کون بھول سکتا ہے؟ کیا کیا ڈرامے ہوتے تھے اور اس قدر مقبول اور دل کو چھو لینے والے کہ سڑکوں پر سناٹا چھا جاتا اور لوگ ریڈیو سے کان لگائے ڈرامہ سنتے رہتے۔ ایک عجیب ہی مزہ تھا، ایک الگ ہی سماں ہوا کرتا تھا، ایک عجب ہی دنیا تھی جس سے خاندان جڑے ہوئے تھے، جب گھر میں بہار ہوتی تھی، سکون ہوتا تھا۔ آپ ریڈیو بھی سنتے رہیں کانوں سے اور ہاتھوں سے اپنے کام میں بھی مصروف رہیں۔ یہ ایک ایسا میڈیم تھا جس سے ہمارے کام میں کبھی حرج نہیں ہوتا تھا بلکہ کام کا مزا دوبالا ہوجاتا تھا، اپنی مصروفیت کے ساتھ ساتھ ہم اپنی پسند کے پروگرام سنتے رہتے تھے۔ آج یہ گزرا زمانہ جب ہم یاد کرتے ہیں تو جیسے خواب لگتا ہے۔ آاحمد رشدی کا ایک مشہورگانا جو ریڈیو پاکستان کراچی کی شناخت بن گیا تھا جس کو لوگ سنتے ہی جھوم اٹھتے۔ بندر روڈ سے کیماڑی میری چلی رے گھوڑا گاڑی بابو ہو جانا فٹ پاتھ پر یہ آیا ریڈیو پاکستان ہے گویا خبروں کی دکان تُو اس کے گْنبد کو پہچان کہیں مسجد کا ہو نہ گمان کہ یہاں ہوتا ہے درس قرآن کبھی گمشدگی کا اعلان بابو ہو جانا فٹ پاتھ پر ریڈیو سے سینماؤں میں لگی فلموں کے کمرشل پروگرام بھی بڑے دلچسپ ہوتے تھے، جس میں حسن شہید مرزا نہایت انوکھے انداز میں کسی سنیما میں لگی فلم کی کہانی سناتے مگر پروگرام کے اختتام پر کہانی کو بہت خوبصورت انداز میں ادھوری چھوڑ دیتے اور سننے والوں کے تجسس کو بڑھاتے ہوئے سامعین سے سوال کرتے مثلاً۔  ’’ کیا فلم کا ہیرو اپنے مقصد میں کامیاب ہوسکا؟ کیا اس نے اپنی محبوبہ کو حاصل کرلیا؟ بس اسی سوال کا جواب جاننے کے لیے آج ہی فلاں سینما میں جا کر فلم دیکھیے! ‘‘ ریڈیو پاکستان موسیقی اور تفریح کے پروگراموں میں بھی اپنی مثال آپ ہی تھا۔ ہمیں اچھی طرح یاد ہے کہ صابر ظفر کا کلام غلام علی کی آواز میں اور بھی لاجواب ہوجاتا تھا اور ہم بھی گنگناتے پھرتے تھے۔ دریچہ بے صدا کوئی نہیں ہے اگرچہ بولتا کوئی نہیں ہے میں ایسے جمگھٹے میں کھو گیا ہوں جہاں میرے سوا کوئی نہیں ہے یہی ریڈیو پاکستان روحانی کیفیت کو بھی چار چاند لگا دیتا تھا جب صبح صبح درود شریف کی آواز ہرگھر سے گونجتی تھی۔ اسی طرح ناصر جہاں کا کلام ہو یا مظفر وارثی کا کلام یہ روحانی کیفیت کو بڑھا دیتے تھے۔ محرم الحرام کے ماہ میں ناصر جہاں کا کلام ایک سماں باندھ دیتا تھا۔  مزاحیہ پروگرام کا بھی ایک اپنا ہی معیار تھا۔’’ ہنسنا منع ہے‘‘ اور ’’آئینہ‘‘ جیسے پروگرام سنجیدہ سے سنجیدہ سامعین کو بھی ہنسنے پر مجبورکردیتے تھے جب کہ اطہر شاہ خان (عرف جیدی) کے مزاحیہ پروگرام اور اس میں ان کے معصومانہ جملے تو ہر چھوٹے بڑے کو ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کردیتے تھے۔ آج دنیا بدل چکی ہے، ایجادات کی جدت نے سب کچھ ہی بدل دیا ہے مگر ریڈیو کی جو دنیا تھی اور اس وقت جو ماحول تھا، جو اس کے بعد ہم نے کبھی نہیں دیکھا اور نہ اب دیکھ سکیں، شاید یہ ہماری عمر کی جنریشن کا خاصہ تھا جو صرف ہمارے حصے میں آیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل