Friday, February 20, 2026
 

عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کیس میں پیشرفت، عدالت کا بڑا حکم

 



عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس میں عدالت نے ملزمان کے خلاف 5 مارچ تک مکمل چالان جمع کروانے  کا حکم دیا ہے۔ بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان ودیگر کیخلاف فارن فنڈنگ کیس  کی سماعت ہوئی، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے سی ایف او سراج احمد اور نجی بینک کے ملازم فیصل قاضی بھی شامل تفتیش ہوگئے۔ عدالت کے جج عبدالغفور کاکڑ کے روبرو کیس کی سماعت میں ایف آئی اے کی جانب سے بتایا گیا کہ 2 نئے ملزمان کے  بعد چالان دوبارہ سے بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر فارن فنڈنگ کیس میں اسپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ واثق ملک نے عدالت کو بتایا کہ پہلے اس کیس کا جزوی چالان جمع ہوچکا ہے۔ اب 2 نئے ملزمان بھی تفتیش میں شامل ہوچکے ہیں۔ بعدازاں ضمنی چالان کے بجائے مکمل چالان ہی عدالت میں جمع کروائیں گے۔ جج عبدالغفور کاکڑ نے استفسار کیا کہ آپ کو  اب دوبارہ چالان مکمل کروانے کے لیے کتنی مہلت چاہیے؟ جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت 10 سے 15 دن کا وقت دے، ہم چالان مکمل جمع کروا دیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے 5 مارچ تک بانی پی ٹی آئی ودیگر کیخلاف مکمل چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا اور ملزمان سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت 5 مارچ تک منظور  کرلی۔ عدالت نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل