Loading
حکومت سندھ نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے مزید نئی بسیں جلد متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کا ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس کراچی میں ہوا، جس میں ریڈ لائن بی آر ٹی سمیت جاری منصوبوں، عوامی سہولت اور کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
سی ای او ٹرانس کراچی نے اجلاس کو ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کو ریڈ لائن بی آر ٹی میں اب تک کی پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ کے اہداف سے متعلق بھی آگاہی دی گئی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام کی رفتار مجموعی طور پر تسلی بخش ہے تاہم اسے مزید تیز کیا جائے، تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ کوریڈور کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات، ٹریفک جام اور روزمرہ کی پریشانیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایت کہ کہ تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک پلان پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مؤثر آگاہی مہم کو مزید فعال بنایا جائے، تاکہ شہریوں کو بروقت معلومات فراہم ہوں اور کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نئی بسوں کے آغاز کے عمل کو تیز کیا جائے، ایسے روٹس کا انتخاب کیا جائے جہاں عوام کو سب سے زیادہ سفری مشکلات درپیش ہیں، بس سروس میں توسیع سے شہریوں کو محفوظ، سستی اور باوقار سفری سہولت میسر آئے گی۔
اس موقع پر سینئر وزیر نے سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کے عوام کو جدید اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، بی آر ٹی منصوبوں کے ساتھ نئی بسوں کا آغاز شہری زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل