Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف سے سوال کیا تھا کہ آخر اتنے دباؤ کے باوجود ایران لچک کیوں نہیں دکھا رہا ہے جس پر ایران کا جواب سامنے آگیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ہر گزرتے لمحے کے ساتھ امریکا جوہری معاہدے پر راضی کرنے کے لیے ایران پر مختلف ہربوں سے دباؤ بڑھاتا جا رہا ہے۔
اس کے باوجود تاحال ایران نے ہتھیار نہ ڈالے اور اب تک اپنے اصولی مؤقف پر کھڑا ہے جس پر خود امریکی صدر نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا۔
امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے بقول صدر ٹرمپ نے پوچھا کہ اتنے دباؤ اور خطے میں بحری طاقت کی موجودگی کے باوجود ایران ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیوں نہیں کر رہا۔
جس پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں فخریہ انداز میں کہا کہ ہم اس لیے نہیں جھکتے کیونکہ ہم ایرانی ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے امریکی صدر کا نام نہ لیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ جاننا چاہتے ہیں کہ ہم کیوں نہیں جھکتے؟ کیوں کہ یہ ایرانی قوم کی سرشت میں ہی نہیں ہے۔
وزیر خارجہ عباس عراقچی اس سے قبل بھی کئی مواقعوں پر ماضی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کی بہادرانہ اور دلیرانہ تاریخ یاد دلا چکے ہیں۔
انھوں نے امریکا کو یاد دلایا تھا کہ کس طرح ہر قسم کی سازش اور طاقت استعمال کرنے کے باجود ایران کو توڑا نہیں جا سکا۔
یاد رہے کہ ایرانی حکام ماضی میں بھی بارہا اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ ایران کا جوہری پروگرام دفاعی نوعیت کا ہے اور وہ بیرونی دباؤ یا دھمکیوں کے تحت اپنے قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل