Loading
روسی عدالت نے ٹیکنالوجی کی عالمی کمپنی گوگل پر وی پی این سروسز کی فراہمی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں کروڑوں روپے جرمانہ عائد کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی عدالت نے گوگل پر 2 کروڑ 20 لاکھ روبل (تقریباً 2 لاکھ 88 ہزار امریکی ڈالر) کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ جرمانہ گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کی ذیلی اکائی پر لگایا گیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گوگل نے اپنے پلے اسٹور کے ذریعے ایسی وی پی این سروسز کی تقسیم کی جو روسی قوانین کے تحت ممنوع یا محدود سمجھے جانے والے غیر ملکی پلیٹ فارمز اور مواد تک صارفین کی رسائی ممکن بناتی ہیں۔
عدالتی کارروائی کے دوران حکام کا مؤقف تھا کہ وی پی این سروسز روس میں انٹرنیٹ کنٹرول اور معلوماتی خودمختاری کے قوانین کو کمزور کرتی ہیں کیونکہ ان کے ذریعے صارفین حکومتی پابندیوں کو باآسانی نظرانداز کر کے ایسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مواد تک پہنچ جاتے ہیں جن پر روس میں پابندی عائد ہے۔
خیال رہے کہ روس گزشتہ چند برسوں سے انٹرنیٹ پر سخت نگرانی اور کنٹرول کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ متعدد غیر ملکی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، نیوز ویب سائٹس اور ڈیجیٹل سروسز کو قومی قوانین کے تحت یا تو محدود کر دیا گیا ہے یا مکمل طور پر بلاک کیا جا چکا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ گوگل کو روس میں قانونی کارروائی یا جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل بھی غیر قانونی مواد ہٹانے میں ناکامی اور مقامی قوانین کی عدم تعمیل کے الزامات کے تحت جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔
روس اس سے قبل بھی بارہا عالمی ٹیک کمپنیوں پر زور دیتے رہے ہیں کہ وہ ملکی قوانین کے مطابق مواد کو کنٹرول کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل