Thursday, February 26, 2026
 

ایران امریکا کشیدگی میں اضافہ، ڈچ ائرلائنز نے اسرائیل کیلئے پروازیں معطل کر دیں

 



ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث خطے میں سفری اور عسکری سرگرمیوں میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ ڈچ فضائی کمپنی کے ایل ایم رائل ڈچ ایئرلائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں یکم مارچ سے غیر معینہ مدت تک معطل کر رہی ہے۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ادھر آسٹریلیا نے اسرائیل، لبنان، اردن، قطر اور متحدہ عرب امارات سے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ دوسری جانب امریکا نے مزید چھ F-22 Raptor طیارے مشرق وسطیٰ بھیج دیے ہیں تاکہ خطے میں اپنی عسکری موجودگی کو مضبوط بنایا جا سکے۔ بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے خطے میں فوجی قوت بڑھانے کا مقصد ایران پر دباؤ ڈالنا ہے، تاہم ایران کسی دباؤ میں آ کر ہتھیار نہیں ڈالے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پہلے سے زیادہ تیار ہے اور تنازع کا واحد حل سفارتکاری اور بات چیت ہے۔ عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران اپنے پُرامن جوہری پروگرام کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل