Friday, February 27, 2026
 

لاہور میں 30 سالہ خاتون کا قتل، صوبائی حکومت کا فوری نوٹس

 



لاہور کے علاقے شادمان میں 30 سالہ بختاور کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے مقتولہ کے گھر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مقتولہ کے والد اور اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت اور دعائے مغفرت کی اور انصاف کی یقین دہانی کروائی۔ حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ ملزم نے دورانِ تفتیش اپنا جرم قبول کر لیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کر لی گئی ہے اور شواہد فرانزک لیب بھجوا دیے گئے ہیں۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ملزم نے شیشے کے گلاس کا ٹکڑا تین بار بیوی کے گلے پر مار کر اسے قتل کیا۔ ملزم آئس کے نشے کا عادی تھا۔ گاڑی کی فروخت کے معاملے پر میاں بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑا ہوا. انہوں نے بتایا کہ بیوی گاڑی فروخت نہیں کرنا چاہتی تھی جبکہ شوہر گاڑی بیچنے پر بضد تھا۔ حنا پرویز بٹ نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے کیس کی اپڈیٹڈ اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔انہوں نے کہا کہ میں خود اس کیس کی نگرانی کر رہی ہوں اور ہر پیش رفت کا جائزہ لے رہی ہوں۔ متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی معاونت فراہم کی جائے گی اور انصاف ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ بیٹیوں پر ظلم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ملزم کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہمارا عزم ہے۔ متاثرہ خاندان نے بتایا کہ بیٹی کو عرصہ دراز سے مالی دباؤ اور جھگڑوں کا سامنا تھا۔ شادی کو 12 سال ہو چکے تھے، مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل