Friday, February 27, 2026
 

بھارت کو دیے گئے منہ توڑ جواب ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کو 7 برس مکمل

 



پاکستان کی جانب سے بھارت کو اس کی اشتعال انگیزی پر دیے گئے منہ توڑ جواب ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو 7 برس مکمل ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افواج پاکستان کی قیادت نے افسروں اور جوانوں کی جرات، پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کو خراج تحسین  پیش کیا ہے۔ مسلح افواج کی قیادت نے عزم ظاہر کیا کہ پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور ارض پاک کی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 7 سال مکمل ہونے پر مسلح افواج کی قیادت نے خراج تحسین پیش کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے افسران اور جوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اُن کے عزم، حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سلام پیش کیا ہے۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ 27 فروری 2019 کو بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے جواب میں شروع کیا گیا تھا، جس میں پاکستان کے اس عزم کا عملی اظہار کیا گیا کہ ملکی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ آپریشن کے دوران مسلح افواج نے اپنی آپریشنل صلاحیت اور تیاری کا بھرپور مظاہرہ کیا اور دشمن کی جانب سے مزید جارحیت کو مؤثر انداز میں روکا  اور اسٹریٹیجک توازن بحال کیا۔ فیلڈ مارشل اور سروس چیفس نے اس موقع پر اپنے پیغام میں قومی سلامتی اور علاقائی امن کے عزم کا اعادہ کیا اور اعلان کیا کہ مسلح افواج ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ مسلح افواج ملک کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت چوکس ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلح افواج عالمی امن و استحکام میں بھی فعال کردار ادا کرتی رہیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل