Friday, February 27, 2026
 

مذاکرات کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں رابطے شروع، محمود اچکزئی اور رانا ثنا اللہ کے درمیان ملاقات

 



حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطوں کا باضابطہ آغاز ہوگیا اور پہلا رابطہ بھی سامنے آگیا، جس میں محمود خان اچکزئی اور رانا ثنا اللہ کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس کی لائبریری میں ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورتحال، اپوزیشن اتحاد کے مطالبات اور ممکنہ مذاکراتی فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گفتگو کے دوران وزیراعظم پاکستان اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ممکنہ ملاقات کے ایجنڈے پر بھی مشاورت کی گئی۔ اس سلسلے میں باہمی اعتماد سازی، سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور پارلیمنٹ کے فورم کو مؤثر بنانے پر اتفاقِ رائے کی کوشش کی گئی۔ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق امور اور ان کے علاج و سہولیات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے اس معاملے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جبکہ حکومتی نمائندے نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے چیف وہپ طارق فضل چوہدری بھی موجود تھے، جنہوں نے دونوں اطراف کے مؤقف کو قریب لانے میں کردار ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں اعلیٰ سطح ملاقات متوقع ہے جس میں باقاعدہ مذاکراتی ایجنڈا طے کیے جانے کا امکان ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل