Loading
برطانیہ میں جمائما خان کو قوانین کی خلاف ورزی پر ایک ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کردیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جمائما خان پر یہ جرمانہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد کیا گیا ہے۔
برطانوی عدالت نے جمائما خان پر ان کی ملکیت میں رجسٹرڈ گاڑی کو مقررہ حد سے زیادہ رفتار پر چلانے پر جرمانہ عائد کیا تھا۔
جمائما خان پر یہ الزام بھی ہے کہ انھوں نے عدالت کے حکم پر پولیس کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کا بروقت جواب نہیں دیا تھا۔
اس نوٹس میں جمائما خان سے ڈرائیور کی تفصیلات مانگی تھیں تاہم انھوں نے پولیس کو کوئی جواب نہیں دیا۔
برطانوی قانون کے مطابق اگر گاڑی کے مالک کو موصول ہونے والے نوٹس کا جواب نہ دیا جائے تو اسے الگ خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے اور اس پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
جرمانے کی رقم تقریباً ایک ہزار پاؤنڈ بنتی ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار روپے سے زائد ہے۔
عدالتی کارروائی کے دوران جمائما خان نے مؤقف اختیار کیا کہ اس وقت ان کے گھر میں تزئین و آرائش کا کام جاری تھا اور پولیس کی جانب سے بھیجا گیا خط تعمیراتی کام کرنے والے افراد کے پاس گم ہو گیا تھا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ انھیں اکتوبر تک اس نوٹس کے بارے میں علم ہی نہیں تھا۔ جیسے ہی خط ان تک پہنچا انہوں نے فوری طور پر فارم بھر کر پولیس کو بھیج دیا۔
جمائما خان کا کہنا تھا کہ اس وقت گاڑی وہ خود نہیں بلکہ تعمیراتی کام کرنے والا بلڈر چلا رہا تھا تاہم گاڑی ان کے نام رجسٹرڈ ہونے کی وجہ سے قانونی ذمہ داری ان پر عائد ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمائما خان نے عدالت میں اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اگر قانون کے مطابق ان پر جرمانہ عائد ہوتا ہے تو وہ اسے قبول کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ جمائما خان کی عمران خان سے شادی 1995 میں ہوئی تھی جو 2004 تک ہی چل سکی تھی جوڑے کے دو بیٹے بھی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل