Loading
فائیو جی اسپیکٹرم کی آکشن کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، اگلے چھ ماہ میں سروس ملک کے بڑے شہروں میں دستیاب ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کے زیراہتمام پاکستان میں فائیو جی انٹرنیٹ سروس کیلئے اسپیکٹرم کی نیلامی سے پی ٹی اے نے 507 ملین ڈالر حاصل کر لئے۔
پاکستان میں فائیو جی انٹرنیٹ سروس کیلئے اسپیکٹرم کی نیلامی کی تقریب منگل کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہوئی جس میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیراطلاعات عطا تارڑ نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل(ر) حفیظ الرحمان کے ہمراہ فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کا آغاز کیا اور اس موقع پر پی ٹی اے نے 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا۔
ابتدائی طور پر ملک کے 5 شہروں میں فائیو جی کی فراہمی کیلئے نیلامی گئی، جس میں اہل تینوں ٹیلی کام کمپنیاں نیلامی میں حصہ لیا اور نیلامی کے تین راونڈ ہوئے۔
فائیو جی اسپیکٹرم کے آکشن کے نتائج کا اعلان چیئرمین پی ٹی اے جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کیا اور بتایا کہ 2300 اور 2600 میگا ہرٹز بینڈز کے تمام لاٹس فروخت ہو چکے ہیں، جبکہ 3500 میگا ہرٹز کے 28 لاٹس میں سے 22 فروخت ہوئے نیلامی میں مختلف ٹیلی کام کمپنیوں نے حصہ لیتے ہوئے اسپیکٹرم خریدا، جس میں زونگ نے 110 میگا ہرٹز، یوفون نے 180 میگا ہرٹز اور جاز نے 190 میگا ہرٹز خریدے۔
چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ اس نیلامی سے کل 507 ملین ڈالر حاصل ہوئے اور اگلے مرحلے میں جمعرات کو اجلاس میں اس حوالے سے مزید بات ہوگی۔
اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ٹی کے شعبے کیلئے آج کا دن بہت اہم ہے، ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، علاقائی صورتحال کے پیش نظر توانائی کی بچت کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فائیو جی کی نیلامی کے حوالے سے کوششیں آج کامیاب ہوئیں، فائیو جی کی نیلامی کیلئے حکومت نے مکمل ایکوسسٹم بنایا، فائیو جی کے بہت سے یوز کیسز ہیں، ہم بلاک چین، اے آئی کی نئی انڈسٹری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ اسپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی، وزیر اعظم نے کل آن لائن کلاسز، ورک فرام ہوم کا اعلان کیا، علاقائی تنازع کے دوران یہ اقدامات اہم ہیں، اس سب کیلئے ہمیں اسپیکٹرم کی ضرورت ہے، جس کی نیلامی کنیکٹوٹی کو بہتر بنائے گی۔
وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار فائیو جی متعارف ہو رہا ہے، جدید دور میں آئی ٹی کی بہت اہمیت ہے، پاکستان کی معیشت کی بنیاد انٹرنیٹ ہے، جدید انٹرنیٹ کی سہولت ہر ایک کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک پاکستان صرف 274 میگا ہرٹز اسپیکٹرم پر چل رہا تھا جبکہ آج پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سپیکٹرم آکشن ہو رہا ہے، اس اقدام کے بعد جلد فور جی سروس میں نمایاں بہتری نظر آئے گی جبکہ آئندہ 6 ماہ کے اندر بڑے شہروں میں فائیو جی سروس دستیاب ہو جائے گی۔
شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ جدید اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، ملکی ترقی میں ایس آئی ایف سی کا اہم کردار ہے، فائیوج ی انٹرنیٹ کے اجرا کے بعد ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل