Wednesday, March 18, 2026
 

کراچی: پرچون کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر دکاندار کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

 



بلدیہ داؤد گوٹھ میں پرچون کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر دکاندار کی فائرنگ سے ایک  ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع پرسے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق سعید آباد تھانے کے علاقے بلدیہ داؤد گوٹھ میں پرچون کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پردکاندار کی فائرنگ سے ایک  ڈاکوموقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع پرسے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اورہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردی گئی۔ ایس ایچ او سعید آباد پرویزسولنگی نے ایکسپریس کو بتایا کہ داؤد گوٹھ میں 4 ڈاکو پرچون کی دکان میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے توحسنین نامی دکاندار کے پاس بھی اسلحہ موجود تھا جس نے مزاحمت کی اور ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس پر ڈاکوؤں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی اور دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع پر سے فرار ہو گئے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کی فوری شناخت ممکن نہیں ہوسکی تاہم ہلاک ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور2 موبائل فونزبرآمد کرلیے گئے ہیں انھوں نے بتایاکہ ہلاک ڈاکو کی شناخت اورفرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادھرگلشن معمارتھانے کے علاقے گبول گوٹھ بلال مسجد کے قریب 4 ڈاکولوٹ مار کی واردات میں مصروف تھے کہ شہریوں نے گھیر لیا اس دوران 2 ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے اس دوران مبینہ طور پر مشتعل شہریوں کی فائرنگ اور تشدد سے 2 ڈاکوشدید زخمی ہوگئے جبکہ 2 ڈاکو موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اورپولیس نے فوری زخمی ڈاکووں کوچھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں ایک ڈاکوجو کہ مشتعل شہریوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا دوران علاج دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت25 سالہ اویس ولد ظفراورزخمی ڈاکوکی شناخت فرازعلی ولد حاکم علی کے نام سے کی گئی،ہلاک اورزخمی ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سےتیس بورپستول ،2 موبائل فونز اورموٹرسائیکل برآمد کرلی۔ ایس ایچ اوگلشن معماراسرارخان آفریدی نے بتایاکہ ہلاک ڈاکواوراس کا ساتھی برائلر مرغی کے سپلائرکامران کو اسلحے کے زور پر لوٹ رہے تھے کہ سپلائر کے شور مچانے پر علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کو گھیرے میں لے لیا اور تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ ایس ایچ او نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک  ہوا ہے اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ ہلاک ڈاکوگلشن معمار میں ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا اور پولیس نے ہلاک ملزم کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے اور ہلاک ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیاجا رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل