Saturday, March 21, 2026
 

افغان سرحد پر آپریشن کی معطلی عارضی ہے، کابل کو دنیا کے ساتھ کیے وعدے پورے کرنا ہوں گے،طلال چوہدری

 



وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کو عید الفطر کے احترام میں عارضی طور معطل کیا گیا ہے، تاہم ہمسایہ ملک کو ایک ذمہ دار ریاست کا ثبوت دینا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مساجد، امام بارگاہیں، بازار اور معصوم بچے سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کی وجہ سے محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے لیکن اب ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کی فکر کرنی ہے۔ وزیر مملکت نے واضح کیا کہ آپریشن صرف عید کے لیے رکا ہےلیکن یہ مستقل طورپر تب ہی ختم ہوگا جب افغانستان ان تمام شرائط کو پورا کرے گا جو پوری دنیا کا مطالبہ ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ افغانستان نے دوحہ معاہدے میں وعدہ کیا تھا کہ اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، انہیں یہ وعدہ پورا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سفارتی، سیاسی اور ملٹری ٹو ملٹری سطح پر طویل بات چیت ہوتی رہی ہے، جس کے بعد پاکستان نے وہ قدم اٹھایا جس سے اب تک گریز کیا جا رہا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے پاکستان پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وہاں ہمارے 40 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں اور ہماری تیل کی ترسیل کا بڑا حصہ بھی وہیں سے آتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود وزیر اعظم نے عید پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے اضافی بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا اور حکومت خود اسے برداشت کر رہی ہے۔وزیر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو اس بحران سے نکالے اور ہمسایہ ملک کو ہدایت دے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل