Tuesday, March 24, 2026
 

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان کا امکان

 



امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کا مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے حوالے سے مذاکرات کے لیے رواں ہفتے پاکستان آمد کا امکان ہے۔ ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔ واشنگٹن میں امریکی صحافی نے میمفس سے وائٹ ہاؤس واپسی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا نائب صدر ایرانیوں سے مذاکرات کے لیے پاکستان جا رہے ہیں لیکن ٹرمپ سوال کو نظرانداز کرگئے اور نائب صدر کی پاکستان روانگی کے متعلق سوال کا جواب دیے بغیر وہاں سے گزر گئے۔ پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ سفارت کاری میں بعض امور کو خاموشی سے آگے بڑھانا ہوتا ہے، ذرائع ابلاغ امریکا ایران مذاکرات کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں گے، فیصلوں اورنتائج سے متعلق سرکاری اعلانات کا انتظار کریں۔ اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے جامع مذاکرات کی میزبانی اور سہولت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ امریکا اور ایران کی رضامندی کے بعد پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے جامع تصفیے کے لیے بامعنی مذاکرات کی سہولت فراہم کرنے اور میزبانی کے لیے تیار ہے۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تاہم اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل