Tuesday, March 24, 2026
 

ساف انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ؛ بنگلا دیش نے پاکستان کو دو گول سے شکست دے دی

 



ساف انڈر 20 فٹبال  چیمپئن شپ کے  پہلے گروپ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان انڈر 20 ٹیم  کو دو گول سے شکست دے دی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جنوبی ایشیا کے سات ممالک کے درمیان مالدیپ کے نیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں پاکستان  نے اپنے افتتائی میچ میں  پہلے ہاف میں دلیرانہ اور دلکش کھیل پیش کیا، مگر دوسرے ہاف میں قسمت  کی دیوی پاکستان پر مہربان نہ ہوسکی۔   قومی جونیئر کھلاڑیوں نے اعتماد اور حوصلے کے ساتھ بہتر  کھیل پیش کیا اور کئی مواقع پر ایسا محسوس ہوا کہ وہ میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں، تاہم مبینہ  متنازعہ ریفری فیصلوں اور چند اہم لمحات نے میچ کا رخ بدل دیا اور  بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف 0-2 سے کامیابی حاصل کرلی۔ کھیل کے50ویں منٹ میں ڈیبیو کرنے والے رونان بینجمن سلیوان کی فری کک نے بنگلا دیش کو برتری دلائی، 10 منٹ بعد 60ویں منٹ میں ایسا لگا کہ پاکستان کہ نجیب اللہ کے ہیڈر نے اسکور برابر کر دیا ہے مگر ریفری نے یہ گول مسترد کر دیا، 7 منٹ بعد سلیوان نے ایک اور گول کر کے بنگلا دیش کی جیت پر مہر ثبت کر دی۔ پاکستان اب جمعہ کو اپنے گروپ کے دوسرے اور آخری میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گا، سیمی فائنل کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو اس میچ میں فتح لازمی درکار ہوگی، گروپ مرحلے کے اختتام پر ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ واضح رہے کہ ایونٹ کہ گروپ اے میں میزبان مالدیپ، نیپال، بھوٹان اور سری لنکا شامل ہیں جبکہ گروپ بی پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش پر مشتمل ہے۔ ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان اسکواڈ میں گول کیپرز ذوالقرنین، کاشف، عادل علی خان،ڈیفنڈرز زریب حیدر، عبد الخالق، عبیداللہ خان، شیراز خالد، عمر جاوید، عبد الرحمن، مجید علی،مڈفیلڈرز زین عمران، محمد شہاب احمد، محمد جنید، علی ظفر، منصور احمد، سید محمد عابس رضا کاظمی، اویس الیاس، خبیب خان،فارورڈز عبدالصمد، نجیب اللہ، سجاد حسین، فہام احمد اور محمد عبداللہ شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے لیے آفیشلز میں شہزاد انور (ہیڈ کوچ)، محمد زمان (ٹیم مینیجر)، شیخ حمدان، محمد حبیب (اسسٹنٹ کوچز)، نعمان ابراہیم (گول کیپنگ کوچ)، محمد عبداللہ عامر (فزیوتھراپسٹ) ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل