Friday, March 27, 2026
 

وزیراعظم کل شاہانہ پروٹوکول میں کراچی گھومتے رہے مگر سانحہ گل پلازہ پر نہیں آئے، منعم ظفر

 



امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کل کراچی آئے تو درجنوں گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ شہر کی سڑکوں پر گھومتے رہے، مگر گل پلازہ جیسے سانحے کے بعد کراچی آنے کی زحمت محسوس نہیں کی گئی۔ ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ جب صوبائی اور وفاقی حکومتیں کراچی کے لیے کچھ نہیں کر رہیں تو شہر کو بااختیار شہری حکومت دی جانی چاہیے۔ منعم ظفر خان نے کراچی میں ٹریفک حادثات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یکم جنوری سے مارچ تک 200 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 86 افراد ڈمپرز کے باعث ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہیوی ٹریفک میں سینسر لگانے کے دعوے تو کیے گئے مگر آج تک کسی ڈمپر میں سینسر نصب نہیں کیے گئے، جبکہ شہر میں ٹرالرز، ڈمپرز اور واٹر ٹینکرز بے قابو پھر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہیوی ٹریفک کے لیے متبادل راستے مقرر کیے جائیں۔ انہوں نے اسٹریٹ کرائم میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہادرآباد میں میڈیکل کالج کی طالبات کو لوٹا گیا۔ جماعت اسلامی نے کراچی میں مقامی پولیس کی تعیناتی کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔ صفائی کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر شہر میں جگہ جگہ کچرا موجود تھا۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے خود تسلیم کیا کہ تین دن تک شہر سے کچرا نہیں اٹھایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کراچی کو اختیارات دینا نہیں چاہتی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کراچی میں "پڑھو پڑھاؤ" مہم شروع کر رہی ہے، جس کے تحت والدین کو کتابیں فراہم کی جائیں گی، 15 مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے اور گھر گھر جا کر پرانی کتابیں جمع کر کے مستحق بچوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ یہ مہم 20 اپریل تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ہر حکومت کا حصہ بن کر کراچی کے مفادات کا سودا کرتی رہی ہے اور چوک میں بیٹھ کر اپنی قیمت لگواتی ہے، ، 16 سال ایم کیو ایم کا گورنر رہا، ایم کیو ایم کی اب کوئی حیثیت باقی نہیں رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل