Loading
لاہور کے علاقے شاہدرہ میں سوی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث بیوی شوہر کو وقت پر روٹی نہ بنا کر دے سکی، جس پر طیش میں آکر سفاک شوہر نے بیوی اور تین کمسن بیٹیوں کو کمرے میں بند کر کے آگ لگا دی۔ آگ لگنے سے ماں اور تینوں بچیاں شدید جھلس گئیں جنہیں تشویشناک حالت میں میو اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر حنا پرویز بٹ، چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور جھلسنے والی ماں اور تینوں بچیوں کی عیادت کی۔
انہوں نے اہل خانہ سے ملاقات کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کو قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اس کیس کی مکمل نگرانی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنی بیوی اور معصوم بچیوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا سکتا ہے وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں، ایسے سفاک ملزمان کو عبرت کا نشان بنایا جائے گا اور قانون اپنی پوری طاقت سے حرکت میں آئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عورت اور بچوں کو زندہ جلانے کی کوشش انسانیت کے خلاف سنگین اور ناقابلِ معافی جرم ہے اور خواتین و بچوں پر تشدد کرنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل