Loading
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری انفراسٹرکچر کی بہتری کے پراجیکٹ کا معائنہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے۔
محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں اصلاحات کا عمل اسی سال دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کا جامع ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک ملازمت کے تمام اشتہارات کی آن لائن نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ گمراہ کن اشتہارات سے متعلق عوامی آگاہی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے کو ہر قسم کے منظم جرائم کے خلاف ہراول دستے کے طور پر منظم کیا جائے اور ادارے کو ہر سطح پر مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
ڈی جی ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ ادارے میں احتساب کو یقینی بنانے کے لیے شفاف اور مؤثر نظام وضع کیا گیا ہے جبکہ دیگر ایجنسیز کے ساتھ ورکنگ گروپس اور کوآرڈینیشن کمیٹیز بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ امیگریشن، اینٹی ہیومن اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل