Sunday, March 29, 2026
 

افغان وزیر خارجہ نے پاکستان سے تعلقات بہتر بنانے کی خواہش ظاہر کر دی

 



افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود تمام مسائل کو بات چیت اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان ایک ذمہ دار ہمسایہ ملک کے طور پر خطے میں استحکام چاہتا ہے۔ افغان وزارت خارجہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ گفتگو اس وقت سامنے آئی جب امیر خان متقی نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ عبداللہ بن زیاد النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، افغانستان اور امریکا کے معاملات، اور پاک۔افغان تعلقات میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر خان متقی نے اس موقع پر ایک امریکی قیدی کی رہائی میں کامیاب ثالثی پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باقی معاملات بھی سفارتی ذرائع سے حل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی خصوصاً ایران کے خلاف حالیہ جنگی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔ پاک افغان تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا اور اس ضمن میں عملی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ اماراتی وزیر خارجہ نے بھی اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور اس کے حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رہیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل