Saturday, April 04, 2026
 

ایران کے تازہ حملے، بحرین میں امریکی پیٹریاٹ میزائل سسٹم، راکٹ بیٹریز نشانہ بنانے کا دعویٰ

 



پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن وعدہ حق 4 کی 95 ویں لہر کے تحت بحرین کے شمالی علاقے میں قائم امریکی پیٹریاٹ ڈیفنس سسٹم اور خطے کے دیگر علاقوں میں مختلف بیسز کو نشانہ بنایا گیا۔ پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک جامع اور کثیرالجہتی کارروائی شروع کردی گئی ہے، ایرواسپیس فورس اور بحریہ نے شمالی بحرین نے مہارت کے ساتھ امریکی پیٹریات میزائل سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ فورسز نے کویت میں واقع امریکی ہیمارس بیٹریز اور شمالی بحرین میں امریکی پیٹریاٹ میزائل سسٹم پر حملوں میں حج قاسم، خیبر شکن اور قدر سمیت جدید میزائل استعمال کیے۔ خطے کے دیگر ممالک میں قائم امریکی بیسز پر حملوں کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں امریکی ہیمارس لانچر یونٹس، سینئر امریکی فوجی افسران اور انسٹرکٹرز کے لیے قائم ایک کمانڈ سینٹر اور ٹریننگ مرکز کو نشانہ بنایا۔ بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں امریکی ٹیکنالوجی کی مشہور کمپنی اوریکل پر بھی حملہ کیا گیا ہے۔ پاسداران انقلاب نے بتایا کہ بحریہ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران بحرین میں خلیفہ بن سلمان پورٹ پر اسرائیلی کمرشل جہاز کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جو تیسرے ملک کے پرچم تلے سرگرم عمل تھا۔ مزید بتایا گیا کہ کارروائی کے دوران اسرائیل کے اندر کئی اہم مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس میں ایرانی قدر ملٹی وار ہیڈ میزائل استعمال ہوئے۔ خیال رہے کہ ایران نے 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک میں قائم امریکی بیسز پر حملے کرکے نہ صرف امریکی جنگی جہاز گرائے بلکہ درجنوں امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔ امریکی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ میں اب تک امریکا کے 7 مختلف جنگی جہاز گرائے گئے ہیں جبکہ ایران کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، اردن اور کویت میں امریکی بیسز پر حملوں کے دوران ریڈار سسٹمز، ٹرمینل ہائی الٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس (تھاڑ) میزائل ڈیفنس سسٹم اور ڈرونز مراکز کو تباہ یا بڑا نقصان پہنچایا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل