Loading
ایک جانب ہرن تھا جس کے لیے زندگی کی بقا کا مسئلہ درپیش تھا۔ دوسری جانب شکاری تھا جس کے ہاتھ میں بندوق تھی۔ اب شکاری کو ظالم لکھنا تو فضول کی سی بات ہوگی۔ بات صاف ہے جس کے ہاتھ میں بندوق ہوتی ہے۔ جس کو سامنے شکار نظر آرہا ہو اور وہ نشانہ لگانے کے لیے بے تاب بھی تو پھر وہ ظالم ہی کہلائے گا۔ چنانچہ کیفیت یہ تھی کہ ہرن جنگل میں نکلا تھا کہ اپنے پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے، یعنی اپنی خوراک کا انتظام کرسکے۔
وہ جنگل میں سرگرمی سے گھوم رہا تھا اور خوراک کی تلاش کررہا تھا۔ ممکن تھا کہ وہ خوراک تلاش کرنے میں کامیاب بھی ہوجاتا کہ ایک شکاری جس کے ہاتھ میں بندوق تھی ،اس شکاری کی نظر اس ہرن پر پڑی جب کہ شکاری بے حد خوش ہوا کہ آج تو شکار بڑی آسانی سے ہاتھ آنے والا ہے، چنانچہ شکاری نے بندوق سیدھی کی اور ہرن کو نشانے پر لے لیا جب کہ ہرن نے بھی دیکھ لیا کہ شکاری اس کا نشانہ لے چکا ہے چنانچہ ہرن نے پوری قوت کے ساتھ بھاگنا شروع کردیا جب کہ شکاری بھی یہ سوچ کر کر ہاتھ آیا شکار چھوڑنا نہیں، اس ہرن کے پیچھے پیچھے بھاگنے لگا۔ بھاگنے میں دونوں اپنی اپنی پوری قوت استعمال کررہے تھے کہ ایک مقام پر جاکر ہرن تھک کے نڈھال ہوکر کھڑا ہوگیا گویا اب اس کے اندر مزید بھاگنے کی قوت جواب دے گئی تھی۔
اس کیفیت میں شکاری بھی اس کا پیچھا کرتے ہوئے وہاں آ پہنچا مگر یہ کیا جیسے ہی شکاری نے ہرن کا نشانہ لیا تو بے بس ہرن پکار اٹھا کہ ’’شکاری گولی مت چلانا ورنہ قیامت آجائے گی۔‘‘ شکاری پہلے تو سوچ میں پڑگیا کہ میرے گولی چلانے سے قیامت کا کیا تعلق ؟بالاخر اس شکاری نے گولی چلا دی جو کہ ہرن کی ٹانگ پر جا لگی۔ اس کیفیت میں ہرن زمین پر گرا اور تڑپنے لگا ۔ شکاری نے ہرن سے کہا ’’ دیکھو میں نے گولی چلا دی جو کہ تیری ٹانگ میں جاکر لگ بھی گئی مگر تیرے کہنے کے مطابق قیامت تو نہیں آئی۔‘‘ شکاری کی بات سن کر ہرن درد کی شدت سے کراہتے ہوئے بولا’’ میرے لیے تو قیامت آچکی ،اول تو تم مجھے زندہ چھوڑوگے نہیں، دوئم۔ اگر تم مجھے زندہ چھوڑ بھی دو جو کہ ناممکن سی بات ہے تو اس صورت میں بھی مجھے باقی ساری زندگی ایک ٹانگ کی معذوری کے ساتھ گزارنا ہوگی۔‘‘
تو دوستوں ہمارے حکمران یقین کریں یا نہ کریں، عوام کے لیے قیامت برپا ہوچکی ہے گو کہ عوام کے لیے پہلے ہی سے قیامت صغریٰ برپا ہوچکی تھی مگر اب حکومت وقت نے قیامت کبریٰ برپا کردی ہے۔ عوام کے لیے پہلے ہی مسائل کے سبب جسم و جان کا ناتا برقرار رکھنا ناممکن تھا، اب تو حالات ہی دگرگوں ہوگئے ہیں۔ یہ اسی مسلم لیگ ن کی حکومت ہے جس کے لیڈران کہہ رہے تھے کہ اگر دو روپے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھتی ہے تو قوم کے حقیقی لیڈر و قوم کے ہمدردوں کے آنسو جاری ہوجاتے ہیں ۔
ہم اگر کچھ عرض کریں گے تو شکایت ہوگی، بلکہ شکایت نہ ہوگی اور غدار وطن ٹھہرائے جائیں گے، کیونکہ عصر حاضر میں حکمرانوں پر تنقید کرنے کا مطلب لیا جاتا ہے وطن پر تنقید۔ بلاشبہ ہماری سب سے قیمتی متاع حیات بھی ایک بار نہیں، دو بار نہیں ہزار بار قربان ہے حالاں کہ موجودہ وزیراعظم صاحب جب وہ وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے 2018 میں اپنا دس سالہ دور حکومت مکمل کرنے کے بعد انتخابی مہم پر نکلے تو شاعر انقلاب حبیب جالب کی نظم دستور جلسۂ عام میں لوگوں کو سنا رہے تھے۔
دیپ جس کا محلات ہی میں جلے
چند لوگوں کی خوشیوں کو لے کر چلے
وہ جو سائے میں ہر مصلحت کے پلے
ایسے دستور کو صبح بے نور کو
میں نہیں مانتا، میں نہیں جانتا
میں بھی خائف نہیں تختۂ دار سے
میں بھی منصور ہوں کہہ دو اغیار سے
کیوں ڈراتے ہو زندان کی دیوار سے
ظلم کی بات کو جہل کی رات کو
میں نہیں مانتا میں نہیں جانتا
حبیب جالب صاحب کی یہ نظم ذرا طویل ہے، اسی باعث اس نظم دستور کے چند اشعار پر ہی اکتفا کرتے ہیں۔گویا موجودہ حکمران اسی دستور سے بغاوت کا اعلان کررہے تھے جس دستور کے تحت وہ حکومت میں آتے رہے اور جس دستور کے تحت وہ آج بھی حکمران ہیں مگر جو طرز حکومت انھوں نے اختیار کیا ہے اس طرز حکمرانی نے قوم کی چیخیں نکال دی ہیں گویا دو چار دس بیس روپے نہیں 137 روپے یکمشت پٹرول پر اور 182 روپے ڈیزل پر بڑھا دیے۔ ایک لمحے کو فقط ایک لمحے کو تو غور کرتے کہ ہزاروں مشکلات کا شکار قوم یہ اس قدر اضافہ کیسے برداشت کرے گی اگرچہ پورے ملک میں بے روزگاری ہے ۔
اب اگر فقط کراچی ہی کی بات کریں تو جو محنت کش کورنگی، شیرشاہ، بلدیہ ٹاؤن یا گڈاپ یا اورنگی ٹاؤن سے صدر یا ملیر یا قائد آباد سے پورٹ قاسم جاتے ہیں وہ محنت کش کم سے کم یک طرفہ کرایہ 150روپے اور دو طرفہ 300 روپے کرایہ ادا کریں گے اور پھر ایک ہزار روپے کماسکیں گے اور جو لوگ روزانہ اجرت پر کام کرتے ہیں ان کا گزارا کیسے ہوگا جب کہ لاہور میں کیفیت یہ ہے کہ وہاں دیہی علاقوں سے لوگ روزانہ محنت کرنے آتے ہیں اور شام کو واپس جاتے ہیں اور گھریلو اخراجات پورے کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ان حالات میں جب مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا تو وہ کیسے گزارا کریں گے کیوں کہ قیمتیں صرف پٹرول یا ڈیزل کی نہیں بڑھیں بلکہ اب تمام اشیاء ضروریہ کی قیمتیں بڑھیں گی۔
آٹا، دال، چاول، سبزیاں ، بسوں کے کرائے سمیت تمام چیزوں کے دام بڑھیں گے ۔ دوسری جانب حکومت کے حاشیہ بردار صحافی و میڈیا کے لوگ حکومت کے ان اقدامات کو حالات کا تقاضا وقت کی مجبوری قرار دیں گے اور طرح طرح کی تاویلیں پیش کریں گے، ہم ابھی تک انھی سطور تک رسائی حاصل کرپائے تھے کہ درمیان میں جمعۃ المبارک کی ادائیگی کا وقت آگیا چنانچہ جب نماز جمعہ سے فراغت پائی تو یہ خبر ہماری منتظر تھی کہ ٹرانسپوٹرز نے فوری طور پر بسوںکے کرایوں میں 65 فیصد تک اضافہ کردیا ہے یہ اضافی کرایہ فوری طور پر نافذ العمل بھی کردیاگیا ہے ابھی لاہور سے دیگر شہروں کے لیے اضافی رقم بڑھائی گئی ہے وہ تفصیلات کچھ یوں ہیں۔ لاہور سے اسلام آباد سابقہ کرایہ 3000 روپے ایک ہزار اضافہ کرائے کی یہ رقم ہوگی چار ہزار روپے۔ مری کا کرایہ سابقہ 3500 روپے اب یہ کرایہ ہوگا 4500 روپے کردیاگیا ہے گویا 11سو روپے بڑھادیاگیا۔
لاہور سے کراچی کا کرایہ 8600 سے بڑھا کر 12ہزار روپے کردیاگیا جب کہ دیگر چھوٹے بڑے شہروں کا بسوں کا کرایہ بھی لازمی بڑھے گا جب کہ یہ بات بھی قابل ذکر ہے بلکہ قابل فکر ہے کہ ریلوے کے کرائے بھی لازمی بڑھائے جائیں گے گویا اب جو لوگ ایک برس میں ایک بار کراچی سے خیبرپختون خوا یا پنجاب کے مختلف شہروں میں اپنے پیاروں کے پاس خوشی غمی میں شرکت کرلیتے تھے اب وہ ریلوے کے سفر سے بھی محروم ہوگئے ہیں، یوں بھی گزشتہ چار برسوں میں جس قدر کرائے بڑھائے گئے ہیں وہ اضافی کرائے ہیں لوگوں کے لیے ناقابل برداشت تھے ۔ پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں کا ہی ذکر کیا، اگر ذکر کریں اہل پی جی گیس کا تو وہ جان لیں کہ اب وہ لوگ جو ایل پی جی گیس استعمال کرتے ہیں وہ لوگ اب کلہاڑیاں تھام لیں اور جنگلوں کی طرف چلے جائیں اور جلانے کے لیے لکڑیوں کا انتظام کرنے میں کامیاب ہوجائیںکیونکہ موجودہ صورت حال میں آٹا، دال کا حصول ایک ناقابل عمل محسوس ہوتا ہے بہرکیف آنے والے دوچار روز میں تمام صورتحال واضح ہوجائے گی ،اپنی بات کا اختتام صد قابل احترام حبیب جالب کے ان اشعار پر کریں گے کہ
بپا ہے کربلا مہنگائی ہے تخریب کاری ہے
وزارت پھر بھی قائم ہے حکومت پھر بھی جاری ہے
جدھردیکھو ادھر پانی نہ گھر پانی نہ در باقی
یہاں پر ہم رہا کرتے تھے یہ بستی ہماری ہے
حکومت ذات پر جو خرچ کرتی ہے انھیں دے دے
کہ جن کے دن گراں کٹتے ہیں جن پر رات بھاری ہے
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل