Tuesday, April 07, 2026
 

پنجاب میں مزارات پر آن لائن عطیات اور لنگر کی تقسیم کیلئے ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

 



حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر کے مزارات پر آن لائن عطیات اور لنگر کی شفاف تقسیم کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایپ کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا، یہ اقدام حکومتی ڈیجیٹائزیشن پالیسی کے عین مطابق ہے جس کا مقصد شفافیت، کارکردگی اور عوامی سہولت میں اضافہ کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں مزار حضرت علی ہجویریؒ اور مزار حضرت بی بی پاک دامن کے لیے علیحدہ ایپس تیار کی جائیں گی۔ ان مزارات پر اس منصوبے کا پائلٹ آغاز کیا جائے گا اور کامیابی کی صورت میں اسے دیگر مزارات تک توسیع دی جائے گی۔  مزید برآں داتا دربار اسپتال کے ساتھ ملحقہ پارکنگ ایریا میں طویل المدتی مالی خود کفالت کے لیے ایک کمرشل اسکیم بھی تعمیر کی جائے گی۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بہاولپور زون میں اوقاف اراضی کی نیلامی کا عمل 30 اپریل تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کیش بکس آمدن کے معاملات، بقایا جات کی وصولی، اوقاف جائیدادوں سے متعلق عدالتی کیسز اور دیگر زیر التوا امور کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کی خانقاہیں ہمیشہ علم، محبت اور رواداری کے مراکز رہی ہیں اور انہوں نے برصغیر میں اپنے کردار اور آفاقی پیغام کے ذریعے مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگوں کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ علاوہ ازیں ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ مزارات پر ڈیجیٹل کیش بکس کا پائلٹ پراجیکٹ کامیاب نہیں ہوسکا۔ بینک نے کیش کے لیے جو مشینیں نصب کی تھیں وہ پرانے اور کٹے، پھٹے نوٹ قبول نہیں کرتی تھیں جس کی وجہ سے نذرانہ دینے والے زائرین کو مشکل پیش آتی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل