Loading
وزیراعظم نے لبنانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور لبنان کے وزیراعظم نواف سلام کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کی اور ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے اور اسی جذبے کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
لبنان کے وزیراعظم نے امن کی کوششوں پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ پاکستان لبنان اور عوام کو نشانہ بنانے والے حملوں کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے تعاون کرے۔
دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم اور بحرین کے بادشاہ شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں بحرینی بادشاہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کرانے میں پاکستان کی کامیاب کوششوں پر وزیراعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس پیش رفت سے خطے میں دیرپا امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا اور گزشتہ چھ ہفتوں کے دوران حملوں کے تناظر میں بحرینی قیادت کی جانب سے دکھائے گئے مثالی تحمل کو سراہا۔
انہوں نے حالیہ کشیدگی کے دوران بحرین میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل