Tuesday, April 14, 2026
 

پنجاب میں بم ڈسپوزل اسٹاف کی بھرتیوں پر پابندی ختم، کابینہ  نے منظوری دیدی

 



پنجاب حکومت نے بم ڈسپوزل اسٹاف کی بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کردی، جس کے بعد صوبائی کابینہ نے بھرتیوں کی باقاعدہ اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر ان بھرتیوں کو ناگزیر قرار دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ہوم ڈیپارٹمنٹ نے بم ڈسپوزل کی 74 خالی اسامیوں پر فوری بھرتیوں کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سے منظوری طلب کی تھی، جس پر انہوں نے سیکیورٹی اجلاس میں بھرتیوں کے عمل کی اصولی منظوری دی، جس کے تحت بم ڈسپوزل اسکواڈ میں 14 کمانڈر اور 60 ٹیکنیشنز بھرتی کیے جائیں گے۔ دریں اثنا محکمہ خزانہ نے بھی بھرتیوں کے عمل پر فوری آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ  بم ڈسپوزل عملے کی کمی سے آپریشنل صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی 2025 کے دوران بم ڈسپوزل ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا تھا اور سول ڈیفنس بم ڈسپوزل اسٹاف نے بھارت کے ڈرونز کو ناکارہ بنایا تھا۔ حکام کے مطابق یہ بھرتیاں سول ڈیفنس سروس رولز 1980 کے تحت کی جائیں گی ، جس میں ریٹائرڈ فوجی اہلکاروں کو ترجیح دی جائے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ بھرتیوں کے لیے اضافی بجٹ درکار نہیں ہوگا ۔ اس کے اخراجات موجودہ بجٹ ہی سے پورے کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے بھرتیوں کا اشتہار 5 مارچ 2026 کو جاری کیا جا چکا ہے جبکہ بھرتیوں کے لیے ریکروٹمنٹ کمیٹی بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس سلسلے میں کابینہ ارکان سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری حاصل کی گئی جس کے بعد بھرتیوں کا عمل باضابطہ طور پر شروع کیا جا رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل