Tuesday, April 14, 2026
 

پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی، الرٹ جاری

 



نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 17 اور 18 اپریل کے دوران شمالی علاقہ جات سمیت پنجاب، مغربی خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ شمالی علاقہ جات بشمول سوست، گلگت، اسکردو، چترال، کالام، دیر، بٹگرام، بالاکوٹ، مظفرآباد، راولاکوٹ، کوٹلی اور گردونواح میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا میں سوات، شانگلہ، بونیر، مردان، لوئر و اپر دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی اور گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان میں ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، کوہلو، پشین، زیارت، کوئٹہ، قلات اور گرد و نواح میں بھی آندھی و جھکڑ کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شدید بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں مقامی سیلابی صورتحال اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ مختلف علاقوں میں آندھی جھکڑ اور بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں، گاڑیوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل