Thursday, April 16, 2026
 

ایران جنگ کے معاشی اثرات کے باعث سندھ میں موٹرسائیکل چلانے والوں کیلئے سبسڈی کا اعلان کیا گیا، بلاول

 



پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایران جنگ کے معاشی اثرات کی بوجھ عوام مہنگائی کی صورت اٹھا رہے ہیں، اسی لیے سندھ میں موٹرسائیکل چلانے والوں کے لیے سبسڈی کا اعلان کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹوزرداری نے بیان میں کہا کہ ایران میں جنگ کے پوری دنیا پر معاشی اثرات مرتب ہورہے ہیں، ایران میں جنگ کے نتیجے میں معاشی اثرات کا بوجھ مہنگائی کی صورت میں پاکستان کے عوام اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ جب ایران جنگ شروع ہوئی تو وفاقی حکومت نے اپنی جانب سے 50 فیصد سبسڈی دی تھی اور صوبوں سے بھی مدد مانگی کہ وہ مزید سبسڈیز اپنے عوام کو دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی درخواست پر صوبائی حکومتوں نے ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی دی، صوبہ سندھ نے بینظیر ہاری کارڈ کے ذریعے 25 ایکڑ تک زمین کے مالک چھوٹے کسانوں کو مالی مدد پہنچائی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں موٹرسائیکل چلانے والوں کیلئے پیپلز فیول سبسڈی کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو مفت ہوم سولر کٹس فراہم کی جارہی ہیں اور حکومت سندھ کی پوری کوشش ہے کہ موجودہ معاشی مشکلات میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کوشش کر رہی ہے کہ نہ صرف جنگ بندی جاری رہے بلکہ جنگ کا مکمل خاتمہ ہو تاکہ ہم معاشی بحران سے باہر آئیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل