Loading
ایران اور امریکا کے مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کے پیش نظر انتظامیہ نے اقدامات شروع کردیے جبکہ لاری اڈے رات 11 بجے سے بند کردیے گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایران امریکہ مذاکرات کے ممکنہ دوسرے روانڈ کے پیش نظر انتظامیہ نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
سیکورٹی انتظامات کیلئے دیگر صوبوں سے نفری کی آمد شروع ہوگئی جبکہ پنجاب پولیس کے تین ہزار اہلکار اسلام آباد پہنچ گئے۔ باہر سے منگوائی گئی نفری مختلف مقامات پر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کی نفری میں ڈی پی او سطح کے پولیس افسران کو بھی اسلام آباد طلب کرلیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے مہمانوں کو فول پروف سیکورٹی دینے کا پلان ترتیب دیا ہے جس کے تحت اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ کے تمام اڈے بند کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا گیا جبکہ فیض آباد، پیرودھائی، کراچی کمپنی میں واقع تمام لاری اڈے رات 11 بجے سے بند کردیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تاحکم ثانی اڈے بند رکھنے کے حوالے سے تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
اُدھر راولپنڈی میں سیکورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹرانسپورٹ یونینز، راولپنڈی پولیس کا خصوصی اجلاس ہوا۔
اجلاس سیکرٹری آر ٹی اے اسد شیرازی اور چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کی سربراہی میں ہوا جبکہ ضلعی انتظامیہ اور سینئر پولیس حکام بھی میٹنگ میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں راولپنڈی اسلام آباد کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے، جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی اور ڈی کلاس ٹرانسپورٹ اڈے بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد سے دیگر اضلاع کو جانے والی پبلیک ٹرانسپورٹ ،ٹریفک معطل رہے گی جبکہ دیگر اضلاع سے راولپنڈی اسلام آباد آنے والی ٹریفک بھی معطل رہے گی۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ بحال رہے گی جبکہ جڑواں شہروں کے ٹرانسپورٹ اڈے 26 اپریل تک بند رہیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل