Friday, April 17, 2026
 

عوامی اعتماد کیلیے ٹیکس تنازعات کا بروقت حل ناگزیر: چیف جسٹس

 



چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ٹیکس مقدمات کے بروقت فیصلوں، ادارہ جاتی ہم آہنگی کے فروغ اور کارکردگی میں بہتری کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، وزیر اعظم ٹاسک فورس کے چیٔرمین شاد محمد خان، چیئرمین ایف بی آر موجود تھے جبکہ ہائیکورٹس کے نامزد ججز نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ٹیکس تنازعات کا مؤثر اور بروقت حل عوامی اعتماد کے فروغ، گورننس کے معیار میں بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فورم کو اپنے حالیہ فیصلے سے آگاہ کیا جس میں ٹیکس مقدمات میں موجود طریقہ کار کی رکاوٹوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اصلاحی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ ہائی کورٹس ججز نے ٹیکس مقدمات میں مسائل اور طریقہ کار کی خامیوں پر اصلاحی اقدامات تجویز کیے۔ اجلاس میں ٹیکس معاملات کے مؤثر انتظام اور اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں پر جامع ڈیٹا بیس کی تیاری پر غور کیا گیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے یقین دہانی کرائی کہ اجلاس کی سفارشات کو سنجیدگی سے زیر غور لایا جائے گا۔ ایف بی آر کے آئی ٹی ونگ کو متعلقہ مقدمات کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جبکہ ہر ہائیکورٹ میں ٹیکس مقدمات کے لیے ڈائریکٹر سطح کے افسران نامزد کیے جائیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل