Sunday, April 19, 2026
 

امریکی ریاست لویزیانا میں فائرنگ سے 8 بچے جاں بحق

 



امریکی ریاست لویزیانا میں فائرنگ سے ایک سال سے 14 سال کے درمیانی عمر کے 8 بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لویزیانا کے علاقے شریوپورٹ کی پولیس کے ترجمان کرسٹوفر بورڈیلن نے بتایا کہ مسلح شخص کی اندھادھند فائرنگ سے 8 بچے جاں بحق ہوگئے، جن کی عمریں ایک سال سے 14 سال کے درمیان تھیں جبکہ پولیس نے حملہ آور کا پیچھا کرکے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ بچوں میں سے متعدد مشتبہ حملہ آور کے رشتہ دار تھے اور فائرنگ کا یہ واقعہ تین گھروں میں پیش آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مزید 10 افراد کو بھی گولی لگی ہے لیکن انہوں نے بچ جانے والے افراد کے حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق 6 بجے پیش آیا اور اس واقعے کو ذاتی عناد کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔ کرسٹوفر بورڈیلون کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے فائرنگ کے بعد ایک گاڑی چھین لی تاہم پولیس نے قریبی علاقے تک تعاقب کیا اور گاڑی پر فائرنگ کے دوران ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ حملہ آور کا نام متاثرین کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کے بعد جاری کیا جائے۔ کرسٹوفر بورڈیلون نے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ گھروں کے اندر موجود چند بچے اس کی اولاد تھی۔ ترجمان کیٹ اسٹیگال نے بتایا کہ ریاست لویزیانا کی پولیس اس شخص پر پولیس کی فائرنگ کے واقعے کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔ شریوپورٹ کے میئر ٹام آرسینیوکس نے کہا کہ یہ ایک غمزدہ صورت حال ہے ہوسکتا ہے ہمارے لیے اب تک کی سب سے بدترین صورت حال ہو۔ شریوپورٹ سے تعلق رکھنے والے امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کی ٹیم اس دلدوز واقعے پر مقامی پولیس کے ساتھ رابطے میں ہے۔ لویزیانا کے گورنر جیف لینڈری نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا کہ ان اندوہناک واقعے پر وہ اور ان کی اہلیہ بہت غمزدہ ہیں اور تمام متاثرین کے لیے دعا گو ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکا میں رواں برس اب تک عوامی مقامات پر فائرنگ کے 119 واقعات پیش آئے ہیں، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 79 بچوں سمیت 117 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 458 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل