Friday, May 01, 2026
 

دنیا کا منفرد ٹریفک سگنل جو سال میں صرف ایک بار گرین ہوتا ہے

 



ٹریفک سگنلز دنیا بھر میں ایک ہی بنیادی مقصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں یعنی سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنا تاہم مختلف ممالک میں ان کا استعمال ایک جیسا نہیں ہوتا۔ کہیں یہ فرق قوانین کی وجہ سے ہوتا ہے اور کہیں اس کے پیچھے مقامی روایات اور دلچسپ کہانیاں ہوتی ہیں۔ جاپان اس حوالے سے ایک منفرد مثال ہے جہاں بعض مقامات پر نیلے رنگ کی ٹریفک لائٹس استعمال کی جاتی ہیں لیکن جاپان کی انفرادیت یہاں ختم نہیں ہوتی بلکہ ایک جزیرے میں ٹریفک سگنل کا استعمال انتہائی غیر معمولی انداز میں کیا جاتا ہے۔ جاپان کے جزیرے Himakajima میں زیادہ تر علاقوں میں ٹریفک لائٹس سرے سے موجود ہی نہیں ہیں۔ صرف مشرقی بندرگاہ کے قریب ایک واحد ٹریفک سگنل نصب ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ سگنل تقریباً سارا سال سرخ ہی رہتا ہے۔ درحقیقت یہ سگنل عام ٹریفک کنٹرول کے لیے نہیں بلکہ تربیتی مقصد کے لیے لگایا گیا ہے۔ سال میں صرف ایک بار اس کی سبز لائٹ جلائی جاتی ہے تاکہ مقامی افراد کو یہ سکھایا جا سکے کہ کب چلنا ہے اور کب رکنا ہے۔ یہ جزیرہ رقبے کے لحاظ سے نہایت چھوٹا ہے جو ایک مربع کلومیٹر سے بھی کم ہے جبکہ یہاں کی آبادی تقریباً دو ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ کم سڑکیں اور محدود گاڑیاں ہونے کے باعث یہاں ٹریفک سگنلز کی ضرورت بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسی وجہ سے یہ واحد سگنل بھی صرف اس مقصد کے لیے رکھا گیا ہے کہ مقامی لوگ ٹریفک قوانین سے واقف رہیں اور جب وہ بڑے شہروں کا رخ کریں تو انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل