Friday, May 01, 2026
 

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی اہم کامیابی،“میرا پیارا” ٹیم نے4سال سے گمشدہ بچی کو اہلِ خانہ سے ملا دیا

 



پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی۔ سیف سٹی کی “میرا پیارا” ٹیم کی کاوشوں سے 4 سال سے گمشدہ بچی ناہیدہ کو بالآخر اس کے اہلِ خانہ سے ملا دیا گیا۔ بچی جولائی 2022 میں گوجرانوالہ میں لاوارث حالت میں ملی تھی، جس کے بعد اسے شیلٹر ہوم منتقل کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر بچی اپنی مکمل شناخت بتانے سے قاصر تھی اور صرف اپنی والدہ کا نام بشریٰ اور والد کا نام بھولا بتاتی تھی۔ بعد ازاں گمشدگی کا کیس ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی کی “میرا پیارا” ٹیم کو سونپا گیا، جس نے مختلف ذرائع اور مسلسل رابطوں کے ذریعے معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش جاری رکھی۔ ٹیم نے بچی کا ویڈیو انٹرویو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جسے دیکھ کر اس کی بہن ردا نے رابطہ کیا۔ اہلِ خانہ نے تصدیق کی کہ بچی 2022 میں شیخوپورہ سے لاپتہ ہوئی تھی۔ ابتدائی ویریفکیشن اور مکمل تصدیق کے بعد بچی کو بحفاظت اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق “میرا پیارا” ٹیم اب تک 70 ہزار سے زائد گمشدہ اور لاوارث افراد کو ان کے خاندانوں سے ملوا چکی ہے۔ گمشدہ بچوں سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے 3 دبانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ سیف سٹی کی “میرا پیارا” ٹیم گمشدہ اور لاوارث افراد کو ان کے اپنوں سے ملانے کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل