Loading
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے بچوں کی تربیت اور والدین کے کردار سے متعلق تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ماں اور باپ دونوں کی ذمے داریوں پر اہم نکات بیان کیے ہیں۔
حال ہی میں ایک مارننگ شو میں گفتگو کے دوران ثروت گیلانی نے کہا کہ اکثر مائیں بچوں کے ساتھ سخت رویہ اس لیے اختیار کرتی ہیں کیونکہ وہ صبح سے رات تک بچوں کی مکمل دیکھ بھال، تعلیم، خوراک، ہوم ورک اور روزمرہ نظم و ضبط سنبھال رہی ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ایک ماں پورا دن بچوں کو پڑھانے، کھانا کھلانے، ذمے داریاں سکھانے اور ان کی مزاحمت برداشت کرنے میں گزارتی ہے تو دن کے اختتام پر اس کا صبر جواب دے جانا فطری بات ہے۔
اداکارہ کے مطابق اکثر شوہر صرف وہ لمحہ دیکھتے ہیں جب ماں غصے یا تھکن کا اظہار کرتی ہے، لیکن وہ پورے دن کی مسلسل ذہنی اور جسمانی محنت کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
ثروت گیلانی نے زور دیا کہ اگر والدین کے کردار وقتی طور پر تبدیل کر دیے جائیں تو بیشتر مرد چند لمحوں میں ہی اس دباؤ سے عاجز آ سکتے ہیں، کیونکہ پورا دن بچوں کی دیکھ بھال آسان کام نہیں۔
انہوں نے مردوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیویوں کی محنت، برداشت اور والدین کے طور پر ان کی کوششوں کو سراہیں، ان کی حوصلہ افزائی کریں اور بچوں کے سامنے ان کے کردار کی تعریف کریں۔
والد کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے ثروت گیلانی نے کہا کہ باپ کا رویہ اکثر اس کی اپنی پرورش اور خاندانی ماحول سے جڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جو والد جذباتی یا جسمانی طور پر بچوں سے دور رہتے ہیں، ان کی اپنی زندگی میں بھی اکثر والد کی عدم موجودگی یا والدین کے کشیدہ تعلقات کا اثر شامل ہوتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق بعض اوقات مائیں اپنے بیٹوں کو جذباتی سہارا بنا لیتی ہیں، جس کے باعث وہ بچے مستقبل میں والد کے کردار میں توازن پیدا کرنے میں مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔
ثروت گیلانی کی اس گفتگو کو سوشل میڈیا پر خاصی پذیرائی مل رہی ہے، جہاں صارفین نے والدین کی مشترکہ ذمہ داریوں پر ان کے خیالات کو حقیقت پسندانہ اور اہم قرار دیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل